آئی ایم ایف کے سوا کوئی ”پلان بی“ نہیں:وزیر خزانہ،اقتصادی سروے پیش

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) کیا سستا،کیا مہنگا؟وفاقی بجٹ آج پیش کیاجائےگا،وفاقی ملازمین کی تنخواہ و پنشن میں 15 سے 20 فیصد اضافہ متوقع ہے،قومی اسمبلی کااجلاس آج شام سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوگا،وفاقی وزیر خزانہ اور نگزیب خان بجٹ پیش کرینگے ، بجٹ پیش کر نے سے قبل وفاقی کابینہ کااجلاس بھی ہوگا ،وزیر خزانہ بریفنگ دینگے ،کابینہ کی جانب سے بجٹ دستاویزات کی منظوری دی جائیگی ،ذرائع کے مطابق آئندہ مالی کے سال کے بجٹ میں چینی ،گھی سمیت بیشتر اشیائے ضروریہ پر سیلز ٹیکس میں اضافے کی تجویز دےدی گئی،چینی پر سیلز ٹیکس 18 سے بڑھ کر 19 فیصد ہونے سے چینی کے فی کلو نرخوں میں 5 روپے تک اضافے کاامکان ہے، ایک فیصد سیلز ٹیکس بڑھنے سے گھی 5سے 7 ، صابن 2 سے 5 ، شیمپو 15 سے 20 روپے مہنگا ہوسکتاہے،مصالحہ جات کی بیشتر آئٹمز ، چائے ،قہوہ کی پتی ، درجنوں برانڈ بیکنگ آئٹمز ، نوڈلز، پاستہ ،بچوں کے ناشتے کی اشیا ءجام، جیلی ،مارمالیڈودیگر اشیاءکی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے،ادھر مالی سال 2024-25کے بجٹ میں وفاق ،صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کی تفصیلات سامنے آ گئیں،وفاق ،صوبے ملکر ترقیاتی منصوبوں پر 3792ارب خرچ کریں گے، رواں مالی سال کے مقابلے میں مجموعی قومی ترقیاتی بجٹ میں 1012ارب کا اضافہ کردیا گیا،دستاویزات کے مطابق ایف بی آر کو تاریخ ساز 12970 ارب کا ہدف تھما دیا گیا، 3720 ارب سے زائد ریونیو اکٹھا کرنا ہو گا،2500ارب روپے کے نئے ٹیکسز پہلی مرتبہ لگائے جائینگے ،مہنگائی بڑھے گی۔دریں اثناءوفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب مالی سال 25-2024کا اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے آئی ایم ایف کے سواءکوئی پلان بی نہیں،مہنگائی کی شرح 11 فیصد تک آگئی، جلد سنگل ڈیجٹ پر آجائیگی، اہم معاشی اہداف میں ناکامی ہوئی، زراعت نے اچھا کردار ادا کیا ، لائیواسٹاک بھی بہتر رہی،رواں مالی سال ریونیو کلیکشن میں 13فیصد اضافہ ہوا ، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 50 کروڑ ڈالر تک محدود رکھنے میں کامیاب ہوئے،ٹیکس وصولی میں 30فیصد کی نمو دیکھی گئی ہے جس کی اس سے قبل مثال نہیں ملتی،روپے کی قدر میں چند ماہ میں استحکام دیکھا گیا ہے وجہ نگران حکومت کے دور میں اہم انتظامی اصلاحات کی گئیں، ہنڈی حوالہ اور سمگلنگ کو روکا گیا، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو چیک کیا گیا، ہم ڈیفالٹ ہونے والے تھے مگر اس وقت ہمارے پاس 2ماہ کی درآمدات کے پیسے موجود ہیں جس کی مالیت 9ارب ڈالر سے زائد بنتی ہے، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کا معیار بہت شاندار ہے جس کی بدولت ہم اگلے مالی سال کا بہت اچھے اور مضبوط نکتے پر آغاز کریں گے ،مہنگائی کی شرح 48فیصد سے کم ہوکر 11فیصد تک آگئی ہے، جلد سنگل ڈیجٹ پر بھی آجائےگی، پالیسی ریٹ کو بتدریج نیچے آنا چاہیے، مہنگائی میں کمی کی وجہ سے ہی سٹیٹ بینک نے شرح سود کو کم کیا ہے، کوئی سرکاری کاروباری ادارہ سٹریٹیجک نہیں ہوتا، پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے اصول پر آگے بڑھیں گے، ٹیکس کلیکشن کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے جارہے ہیں، انسانی مداخلت کم کریں گے، ٹیکس وصولی کر کے دکھانی ہوگی، زراعت ہماری معیشت کا سب سے بڑا ستون ہے، گندم کے معاملات وزیراعظم خود دیکھ رہے ہیں، حکومتی عمل دخل جس شعبے سے ختم ہو وہ اچھا ہے، پاسکو کو بھی سرکاری تحویل میں نہیں رکھیں گے،پی آئی اے نجکاری سے متعلق نتیجہ جولائی اگست تک دیکھ لیں گے، ہم صرف اسلام آباد ائیرپورٹ کی نجکاری تک نہیں رکیں گے، سرکاری اداروں میں ایک ہزار ارب روپے کا خسارہ برداشت نہیں کر سکتے، سٹیل ملز کی بحالی کا کوئی امکان نہیں، صرف سکریپ میں بکے گی، سٹیل ملز میں لوگ بیٹھے ہیں،گیس بھی استعمال ہو رہی ہے،انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی 50 سال میں کم ترین ہونے کی بات درست ہے، پی ایس ڈی پی میں اہم نوعیت کے منصوبوں کو فنڈز دیں گے، اب ہمارے ہاتھ بندھ چکے ہیں،کم اہمیت کے منصوبوں کو شامل نہیں کرسکتے،ہمارے ملک میں امپورٹڈ مہنگائی کا بہت بڑا اثر ہے، ہم آئندہ مالی سال بھی قرض رول اوور کرائیں گے، وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے معاشی ٹیم کے ہمراہ اکنامک سروے پیش کرتے ہوئے کہا23-2022کے مالی سال کا جہاں اختتام ہوا تو اس وقت جی ڈی پی میں 2فیصد سکڑا آیا تھا، رواں سال پاکستانی روپے کی قدر میں 29فیصد کی کمی واقع ہوئی اور غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر اتنے کم رہ گئے کہ ہم صرف2 ہفتوں کی درآمدات کر سکتے تھے، حکومت میں وزیر خزانہ کی ذمے داریاں سنبھالنے سے قبل نگراں حکومت سے قبل کے دور میں، میں نجی شعبے سے وابستہ تھا اور اس وقت میں واشگاف الفاظ میں کہا تھا ہمیں آئی ایم ایف پروگرام میں جانا چاہیے، ہمارے پاس کوئی پلان بی نہیں ہے،وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کی جانب سے 9ماہ کا آئی ایم ایف سے سٹینڈ بائی معاہدہ کیا تھا اور آج ہم جہاں کھڑے ہیں اس کی بڑی وجہ وہ معاہدہ ہے، اگر وہ نہ ہوتا تو ہم اہداف کی بات نہ کررہے ہوتے، ہم بطور ملک بہت مختلف صورتحال سے دوچار ہوتے، ٹیکس وصولی میں 30فیصد کی نمو دیکھی گئی ہے جس کی اس سے قبل مثال نہیں ملتی، یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ جاری کھاتوں کا خسارہ اس مالی سال میں 6ارب ڈالر ہو گا اور اس وقت نئے مالی سال کےلئے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے کا تخمینہ 20کروڑ ڈالر لگایا گیا گیا ہے،وزیر خزانہ نے کہا روپے کی قدر میں گزشتہ چند ماہ میں استحکام دیکھا گیا ہے جس کی دو تین اہم وجوہات ہیں، پہلی تو یہ ہے کہ نگران حکومت کے دور میں اہم انتظامی اصلاحات کی گئیں، ہنڈی حوالہ کو روکا گیا، سمگلنگ کو روکا گیا، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو چیک کیا گیا، یہ انتظامی اقدامات کیے گئے،اس موقع پر کیپیسٹی پیمنٹ اور بجلی کے یونٹ میں مسلسل اضافے کے حوالے سے سوال پر وزیر مملکت برائے توانائی علی پرویز ملک نے کہا مجھے احساس ہے کیپیسٹی پیمنٹ بہت بڑا بوجھ ہے جس کی وجہ سے ہم بجلی کی قیمتوں میں وہ ریلیف نہیں دے سکتے جو معیشت اور صنعت کو چلانے کےلئے درکار بنیادی چیز ہے اور اسی وجہ سے ہماری ایکسپورٹ اور باقی چیزوں پر بھی اثر پڑ رہا ہے، جب ہم اصلاحات اور نمو کی طرف جائیں گے تو یہ مسئلہ حل ہونا شروع ہو جائے گا، آج ہمارے پاس جو پلانٹس لگے ہیں ان میں اتنی استعداد موجود ہے کہ وہ سب کو بجلی مہیا کر سکتے ہیں لیکن معاشی لوڈشیڈنگ مسئلہ ہے جس کی وجہ سے ہر فیڈر پر جہاں نقصانات زیادہ ہیں وہاں چند گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے تاکہ گردشی قرضوں پر قابو پایا جا سکے اور ہم جس طرح صوبائی حکومتوں کےساتھ ملکر معاملے میں پیشرفت کررہے ہیں تو وہاں عوام کو ریلیف بھی دیا جا رہا ہے، وزیرخزانہ اورنگزیب نے کہا ملک میں بجلی چوری کا تخمینہ 500ارب روپے ہے، بجلی کمپنیاں سرکاری شعبے میں نہیں چل سکتیں،مہنگائی کی شرح کنٹرول میں مالی اور مانیٹری پالیسی کا تسلسل ضروری ہے، کتنی ٹیکس مراعات ختم ہو رہی ہیں، اس بارے میں ابھی نہیں بتاﺅں گا، ہم نے جس طرح 24-2023میں پالیسیز چلائی ہیں ان کو جاری رکھنا چاہتے ہیں،اقتصادی پولیسی اور مانیٹری پالیسی برقرار رہے گی، قرضوں کی ادائیگی بھی اسی طرح تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی،قرضوں کی ادائیگی کوئی بڑا مسئلہ نہیں،وفاقی وزیر خزانہ نے دورہ چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا چین کا دورہ سی پیک میں نئی روح لایا ہے، چین کا دورہ سی پیک کے حوالے سے بہت اہم تھا،خصوصی اقتصادی زونز سے چینی بزنس پاکستان شفٹ ہوگا،ہماری حکومت کا فوکس بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری ہے۔