عرس بابا فرید گنج شکرؒ میں زائرین کیلئے تمام سہولیات یقینی بنائیں گے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عرس بابا فرید گنج شکرؒ شروع ہونے سے پہلے زائرین کی سہولت کیلئے دو اہم منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے کمر کس لی، دربار کی اپ گریڈیشن اور ساہیوال پاکپتن روڈ کی تعمیر نو 30جون تک ہر صورت مکمل کی جائے، زائرین کیلئے تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے،کمشنر شعیب اقبال سید، وہ یہاں اپنے دفتر میں ان دونوں منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ایس ای بلڈنگ ساہیوال چوہدری ذوالفقار علی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور سٹی منیجر پسپ علی خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ایس ای بلڈنگ چوہدری ذوالفقار علی نے بتایا کہ ایک ارب44کروڑروپے کی خطیر رقم سے دربار بابافرید کی اپ گریڈیشن جاری ہے جس میں ایڈمن بلاک، وضوکی جگہ، شو ریکس اور سیڑھیوں کی ازسر نو تزئین،محافل سماع کیلئے خصوصی بلاک کی تعمیر اور زائرین کی سہولت کیلئے برقی سیڑھیوں کی تنصیب بھی شامل ہے۔ ان تمام پر کام بیک وقت شروع ہے جسے 2جولائی سے شروع ہونے والے عرس سے قبل مکمل کر لیا جائیگا۔ اسی طرح دو رویہ ساہیوال پاکپتن روڈ کا ضلع پاکپتن میں 27کلومیٹر حصہ بھی عرس شروع ہونے سے قبل مکمل کر لیا جائے گا جس پر 2ارب 81کروڑ95لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے دونوں منصوبوں پر کام دن رات جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کام میں کسی قسم کی رکاوٹ کو فوری ان کے علم میں لائی جائے تاکہ اسے دور کر کے کام کو بر وقت مکمل کیا جائے۔