عارضی مویشی منڈیوں میں مستقل نگران افسر کی عدم تعیناتی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ویژن سبوتاژ ہونے کا خدشہ

لاہور (نوید چودھری) صوبے کے سب سے بڑے بلدیاتی ادارے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام لگائی گئی عارضی مویشی منڈیوں کے نگران افسر ایم او آر کی مستقل تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن سبوتاژ ہو سکتا ہے۔ محکمہ بلدیات پنجاب نے ناقص حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عارضی مویشی منڈیاں فعال ہونے سے چند روز قبل میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن اقبال خان کا تبادلہ کردیا تھا مگر ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی تاحال مستقل افسر کی تعیناتی عمل میں نہ لائی جاسکی ہے تاہم اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ نے خالی عہدے پر میٹروپولیٹن افسر انفراسٹرکچر میاں ثاقب کو اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع فراہم کردیا ہے۔ حالانکہ اس وقت میٹروپولیٹن کارپوریشن میں لوکل گورنمنٹ کے متعدد اہل ایڈمن افسر تعینات ہیں جن میں سے کسی کو بھی اضافی ذمہ داریاں دیکر انتظامی خلا بھرا جاسکتا تھا لیکن ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے خالی عہدے پر انجینئرنگ برانچ کے ہیڈ کی تعیناتی کا فیصلہ درست نہ ہونے کی وجہ سے دونوں شعبوں کے ساتھ انصاف ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے کیونکہ مستقبل قریب میں ممکنہ طور پر اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کی نوید کے باعث شعبہ انفراسٹرکچر سول ورک جیسے مشکل ترین مرحلے کی تیاری میں مصروف ہے تاہم ایسے نازک وقت میں انجینئرنگ برانچ کے ہیڈ کو ایم او ریگولیشن کی اضافی ذمہ داریاں دینا کسی صورت بہتر فیصلہ نہیں ہے۔