نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک سے کسانوں کیلئے موثر مواقع پیدا ہونگے :رانا مشہود

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فریز لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان نے ایک لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کردئیے۔ اس تعاون کا مقصد سندھ اور پنجاب صوبوں میں ڈیری فارمرز کی مالی شمولیت اور صلاحیت میں اضافہ پر توجہ مرکوز کرکے معاشی ترقی کو تقویت دینا ہے۔منگل کواس سلسلہ میں مقامی ہوٹل میں دستخطی تقریب منعقد ہوئی ۔یہ تعاون پاکستان کے ڈیری سیکٹر میں نوجوانوں کو روزگار اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے نمایاں عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک کے تحت اس تعاون سے اہل کسانوں کیلئے موثر مواقع پیدا ہوں گے اوردونوں اداروں کے فلیگ شپ پروگراموں سے مستفید ہوں گے۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہودخان نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی کو باہمی تعاون کے ذریعے حاصل کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ویلیو چین فنانسنگ سے ڈیری اور مویشی بانی کرنیوالے کسان غیر ملکی گا ئیوں کی خریداری، میکانائزیشن، سولر سلوشنز اور فارم کے بنیادی ڈھانچے کیلئے قرضے حاصل کر سکیں گے۔ایف سی ای پی ایل کسانوں کو جامع تربیت فراہم کریگا، پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے انکی مہارتوں اور علم میں اضافہ کریگا۔ اس پروگرام میں سندھ اور پنجاب میں ڈیری فارمرز، لائیوسٹاک فارمرز اور دودھ فراہم کرنے والوں کو شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد انہیں مالی مدد اور صلاحیت کی تعمیر کے ذریعے وسیع تر اقتصادی فریم ورک میں ضم کرنا ہے۔پرائم منسٹرز یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم تعاون کا ایک کلیدی حصہ ہوگی، جو ایف سی ای پی ایل کے ساتھ رجسٹرڈ ڈیری فارمرز کو مالی مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام کاروباری اور تربیت کو فروغ دیکر نوجوانوں کومعاشی بااختیار بنانے اور سماجی مشغولیت کو فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے۔یہ شراکت داری پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مثر اقدامات کے ذریعے ملک کے ڈیری سیکٹر کی صلاحیتوں کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔