چین کا دورہ انتہائی کامیاب ، سی پیک2 پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا: وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے چین کا دورہ کامیاب رہا، سی پیک 2 پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا۔

وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سی پیک 2 منصوبے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جلد چین سے اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آئے گا، اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا ہے چین سے رشتے کو جوڑیں اور مضبوط کریں، احسن اقبال، اسحاق ڈار، سیکرٹری فنانس اور دیگر نے بہترین کام کیا، کامیاب دورے پر تمام کابینہ اراکین کا شکر گزار ہوں، شہباز شریف نے کہا دورہ چین میں سکیورٹی معاملات ایجنڈے میں سرفہرست تھے، چینی باشندوں کی سکیورٹی پر چینی حکومت کو یقین دہائی کرائی گئی ۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا،وزیر خزانہ اورنگزیب نے کابینہ کو معاشی صورتحال اور بجٹ تیاری پر بریفنگ دی، اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ چین کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظرملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کرنے اور بجلی چوری کے خلاف مہم میں صوبائی حکومتوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کردی،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ شیڈنگ، بجلی چوری کی روک تھام اورتوانائی کے شعبے میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا،۔

شہبازشریف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا بجلی کی عدم فراہمی سے متعلق شکایت کے بروقت اندراج کےلئے تقسیم کار کمپنیوں میں صارفین کی سہولت کے موثر اور متحرک نظام قائم کیے جائیں، بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظرملک میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی جائے، نئے ٹرانسفارمرز کی خریداری صرف اور صرف بین الاقوامی معیار کی خصوصیات کے مطابق ہو، وزیر اعظم نے متعلقہ افسروںکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا توانائی کے شعبے میں اصلاحات کےلئے عالمی سطح پر رائج جدید نظام سے استفادہ کیا جائے،وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور ساتھ دینے اور بجلی چوروں کو قرار واقعی سزائیں دینے کی بھی ہدایت کردی۔