غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ، فوری مظالم روکے جائیں: اسحاق ڈار

استنبول (مشرق نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،استنبول میں ڈی 8ممالک کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا غزہ میں نہتے عوام کو بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ غیر معمولی سانحہ ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا،اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور 81 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، کئی فلسطینی جان لیوا زخموں کا شکار ہیں یا طویل عرصے تک معذوری کا سامنا کررہے ہیں،غزہ کے 36 ہسپتالوں میں سے صرف 12 کام کررہے ہیں،دنیا فلسطینی خواتین اور بچوں کےاندھا دھند قتل کا مشاہدہ کررہی ہے، اسرائیل عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق غزہ میں فوری طور پر اپنے مظالم روکے،اسحاق ڈار نے مزید کہا ڈی 8 وزرائے خارجہ کے اجتماع سے فلسطینیوں کی حمایت کا مضبوط پیغام جاناچاہیے، ہمیں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کےلئے فوری بین الاقوامی کارروائی کےلئے مہم چلانی چاہیے، غزہ کےلئے انسانی امداد کے تمام راستے کھولنے کےلئے ٹھوس کارروائی ہونی چاہیے، پاکستان اپنی طرف سے پہلے ہی فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کےلئے امدادی سامان بھیج چکاہے،آخر میں غیر معمولی اجلاس پر اسحاق ڈار نے جمہوریہ ترکیہ اور وزیر خارجہ ہاکان فیدان کا تہہ دل سے شکر گزار ادا کیا۔