ابھی آرٹیکل6لگا ہی نہیں،رونا پہلے ہی شروع کر دیا:عظمیٰ بخاری

گوجرانوالہ (بیورورپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گوجرانوالہ میں اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کی،تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا جہیز اور شادیوں پر نمود و نمائش سیاسی سے زیادہ سماجی مسئلہ ہے، 100 دن میں پنجاب حکومت کے کارناموں کی لمبی فہرست ہے، پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کےلئے اقدامات کر رہے ہیں،صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اپنا شوق پورا کر لیں، جب اسمبلیوں میں تھے تو تب بھی حکومت نہیں چلنے دیتے تھے، تبدیلی پتہ نہیں آئی یا نہیں آئی نیا پاکستان بنا یا نہیں، البتہ یہ تبدیلی ضرور آئی ہے اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ اب جنرل ایوب کے خاندان میں سے بھی انقلاب کی باتیں ہو رہی ہیں اور وہ ہمیں اب بتا رہے انقلاب کیا ہوتا ہے، ایف آئی اے نے انہیں اس لیے بلایا ہے کہ یہ دوبارہ ملک میں 9 مئی جیسا واقعہ کرانے کی پلاننگ کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی خواجہ آصف پر آرٹیکل 6 لگوانے کےلئے ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو وزیر اعظم ہاوس بلا کر دھمکیاں دیتا تھا، ان پر تو ابھی آرٹیکل 6 لگا ہی نہیں انہوں نے پہلے ہی رونا شروع کر دیا ہے،عظمیٰ بخاری نے ورلڈ کپ کرکٹ میچز پر دلچسپ تجزیہ کرتے ہوئے کہا رات کا میچ دیکھنے کے بعد دل بہت دکھی ہے، اب تہیہ کر لیا ہے کرکٹ میچ نہیں دیکھوں گی لیکن اندر کا پاکستان نہیں مرتا، شاہین شاہ آفریدی سے باولنگ نہیں ہو رہی تھی، بلے بازغلط شاٹس کھیل کر آوٹ ہوئے اور ہمارے فیلڈرز گیند پکڑنا ہی بھول گئے تھے، امریکہ نے سازش کی ہے ہمارے خلاف کہ انہوں نے ہمیں بتایا ہی نہیں کہ اتنی اچھی کرکٹ ٹیم تیار کی ہے، اگر ہمیں پہلے پتہ چلتا تو ہم امریکی سازش سے نمٹ لیتے۔