وزیراعظم شہباز شریف کی چینی ہم منصب سے ملاقات، پیپلز آرمی کا گارڈ آنر

بیجنگ (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب لی چیانگ سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ گریٹ ہال آف دی پیپل میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں کابینہ کے ارکان بھی تھے۔ گریٹ ہال آف دی پیپل پہنچنے پر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب ہوئی اور پیپلز لبریشن آرمی کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک چین آل ویدر سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ جو کہ باہمی اعتماد اور مشترکہ اصولوں پر مبنی ہے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

اہم معاملات پر غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا اور خصوصی اقتصادی زونز پر خصوصی توجہ کے ساتھ تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پرزور دیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم لی نے وزیراعظم شہباز شریف کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم لی کیانگ نے شرکت کی۔

تقریب کے دونوں ممالک کے درمیان ٹیلیویژن ، فلم، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، صنعت، توانائی، زراعت، ، صحت، سماجی، اقتصادی ترقی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم لی چیانگ نے وزیر اعظم کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا۔