پاک چین کمپنیوں میں متعدد معاہدے،ماضی بھلا کر آگے بڑھنا چاہئے، وزیراعظم

بیجنگ، شینزن: (مشرق نیوز) وزیراعظم کادورہ بیجنگ کامیاب، پاک چین کمپنیوں میں متعدد معاہدے، دستخط کردئیے گئے۔

وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور وزیر تجارت جام کمال نے دورے کے دوران چینی کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کیں، چینی کمپنیوں نے پاکستان کےساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی اور معاہدوں پر دستخط کئے۔

زراعت، کھاد، آئی ٹی، موبائل، ادویہ سازی، سافٹ وئر، فائبر، توانائی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، فارمنگ، انجینئرنگ، کنسٹرکشن، لاجسٹک، ہوٹلنگ، ٹورازم، کلچر، سپورٹس گڈز، ٹیکسٹائل، ڈیکوریشن انڈسٹری اور ائرپورٹ ڈیزائنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری ہوگی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں میں چینی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے، حکومت صرف سہولت کار ہے، سرمایہ کاری کےلئے نجی شعبے کومکمل فری ہینڈ دیں گے۔ چین، پاکستان کی کاروباری شخصیات میں دوطرفہ اشتراک خوش آئند ہے۔

وزارت تجارت کی جانب سے اعلامیے کے مطابق پاکستان، چینی کمپنیوں نے وفاقی حکومت کے بزنس ٹو بزنس اقدام کے نتیجے میں مفاہمت کی 32 مختلف یادداشتوں پر دستخط کئے،دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں الیکٹرانکس و گھریلو آلات، آئی سی ٹی، ٹیکسٹائلز، چمڑے، جفت سازی، معدنیات ،ادویہ سازی ودیگر شعبے شامل ہیں۔

ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے شینزن میں چینی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، ہیڈکوارٹرز آمد پر ہواوے کے چیئرمین لیانگ ہوا نے وزیر اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔ ہواوے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر پاکستانی ملی نغمے بجائے گئے، اس موقع پر چینی کمپنی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مابین فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔

فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت ہواوے پاکستان کے 2 لاکھ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے بشمول مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مفت تربیت فراہم کرےگا،ہواوے پاکستان میں سیف سٹیز کے قیام، ای گورننس ،معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن میں بھی بھرپور تعاون فراہم کرے گا،چیئرمین ہواوے نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

وزیراعظم نے ہواوے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور مختلف شہروں میں ترجیحی بنیادوں پر سیف سٹی منصوبے قائم،زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی،بعد ازاں وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی چیئرمین ہواوے کےساتھ دوطرفہ ملاقات ہوئی،وزیراعظم نے چیئرمین ہواوے کو سرمایہ کاری کے فروغ ،کاروبار کی سہولت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاحکومت سرکاری دفاتر کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کیلئے اقدمات اٹھا رہی ہے،ٹیکس کا نظام، ای گورننس، مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں ہواوے جیسی بڑی کمپنی کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہواوے کے چیئرمین نے وزیراعظم ،پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

قبل ازیں پاک چائنہ بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ماضی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے، ماضی میں رہیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے،چین کا دورہ کرنا میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، بزنس کانفرنس میں آئے تمام نمائندوں کو خوش آمدید کہتاہوں ،شینزن کی ترقی مشعل راہ ہے، دنیاکو چین کی ترقی سے سیکھنا چاہیے، شہبازشریف نے کہاچین کے شہر شینزن نے مختصر مدت میں ترقی کی منازل طے کیں ، پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کریں، پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، سب سے بڑی طاقت نوجوان افرادی قوت ہے، چین نے ترقی کیلئے فرسودہ طریقہ کار کو ترک کرکے جدید طریقے اپنائے،پاکستانی معیشت کا چین کےساتھ کوئی مقابلہ نہیں۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کررہاہے، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے بزنس کونسل قائم کردی، قائداعظم کے ویژن پر عمل پیرا ہوکر ملک کو ترقی دلائیں گے،بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ ترقی کی ضمانت ہے، چین مختصر وقت میں دنیا کی دوسری بڑی معیشت ، فوجی طاقت بن گیا، قرضوں نہیں بلکہ کاروبار و ترقی کیلئے آیا ہوں، چین نے پاکستان کے ہر صوبے میں منصوبے لگائے۔

شہبازشریف نے کہا5چینی باشندوں کی دہشت گرد حملے میں ہلاکت دردناک لمحہ تھا، چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی یقینی بنائیں گے،چینی صدر نے700ملین لوگوں کو غربت سے نکالا، 50، 60 کی دہائی میں ہمارے معاشی اعداد وشمار چین سے بہتر تھے، پنجاب سپیڈ کو پاکستان سپیڈ میں تبدیل کریں گے ، پاکستان کے پاس 10 ٹریلین ڈالرز کے معدنی ذخائر ہیں۔

وزیر خزانہ اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پاکستان میں بڑا مسئلہ ہے، شرح میں کمی آ رہی ہے، معاشی اشارئیے درست سمت میں جا رہے ہیں، رواں سال کرنٹ اکاو¿نٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے کم رہے گا،کلی معیشت کے استحکام کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا حکومت کے بنیادی اہداف میں شامل ہے، انتظامی اقدامات و ڈھانچہ جاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستانی کرنسی مستحکم ہے، ٹیکس شرح کو بڑھا کر 14 فیصد کی سطح پر لایا جائے گا۔

اورنگزیب نے کہا مہنگائی کی شرح 38 سے کم ہوکر 11 فیصد تک آگئی ، اشیائے خور و نوش کی قیمتیں تیزی سے کم ہورہی ہے، توجہ اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر توجہ ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ، سرمایہ کاروں کا اعتماد ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا پاکستان میں آئی ٹی، معدنی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں بے پناہ مواقع ہیں، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کےلئے اقدامات کر رہی ہے، 84 اداروں کی نجکاری زیرغور ہے، چینی کمپنیاں سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں حصہ لیں، پاکستان کو کھویا ہوا معاشی مقام حاصل کرنے کیلئے محنت کرنا ہوگی، 2017 میں پاکستان دنیا کی 24 ویں معیشت تھا، بدقسمتی سے گزشتہ سالوں میں معاشی تباہی ہوئی،حکومتوں کی بار بار تبدیلی و سیاسی غیر یقینی صورتحال نے معاشی پروگرام کو شدید نقصان پہنچایا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ٹرانشیئن ہولڈنگز کے بانی و چیئرمین ژو ژاو جیانگ نے ملاقات کی، چینی کمپنی نے پاکستان میں اپنے موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، شہباز شریف نے کہا حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، ٹرانشیئن ہولڈنگز پاکستان میں مقامی سطح پر اشیاءتیار کرکے پاکستان سے بیرون ملک برآمدات کرے۔