ٹرانس جینڈر ایکٹ کے متعلق علماءکرام کو دھوکے میں رکھا گیا: مفتی تقی عثمانی
کراچی (بیورو رپورٹ) شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ کے متعلق علما کو دھوکے میں رکھا گیا، قوم کو اس وقت بڑے فتنے کا شکار بنایا جا رہا ہے، اس فتنے کیخلاف جدوجہد کرنے والوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علما و مشائخ کراچی کے تحت شہر کے مقامی ہوٹل میں ٹرانس جینڈر کے حوالہ سے علماکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ حکمران ٹرانس جینڈر ایکٹ کے تحت چور راستوں کی روک تھام کیلئے کردار ادا کریں۔علماکنونشن میں شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی، رویت ہلال کمیٹی کے ممبرمفتی یوسف کشمیری، جمعیت علمائے پاکستان کے قاضی احمدنورانی،مرکزی مسلم لیگ سندھ و بلوچستان کے صدرفیصل ندیم، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم، مولانا محمد سلفی، راجہ ضیاالحق سمیت تمام مکاتب فکرکےہزاروں علما نے شرکت کی۔ علماکنونشن کے موقع پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیاگیا۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہم اس موضوع پر کسی پروگرام میں یا کسی جلسے کی صورت میں بیٹھ کے بات کریں گے۔ ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ کی روشنی میں دھوکہ دہی سے کام لیا گیا۔ قوم کو اس وقت بڑے فتنے کا شکار بنایا جا رہا ہے۔مفتی تقی عثمانی نے کہاکہ جو لوگ اس کے حقیقت پر کام کررہے ہیں ہم ان کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ ان کی کوششوں کو سراتے ہیں۔ اور ان کے ساتھ ہر طرح سے ان کے پیچھے کھڑے ہیں۔مفتی تقی عثمانی نے مطالبہ کیا کہ حکومت وقت اور ادارے ایسے اقدامات کی روک تھام کریں۔ اور علما کرام بھی اس حوالے سے آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں۔
















