عیدالاضحی پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنیوالی کالعدم تنظیموں کےخلاف ایکشن کی منظوری

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر محکمہ صحت و چیئرمین سب کابینہ کمیٹی برائے لاءاینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ داخلہ میں سب کیبنٹ کمیٹی برائے لاءاینڈ آرڈر کا چھٹا اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے بطور کمیٹی ممبر کے شرکت کی۔اجلاس میں ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل، سپیشل سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی ریاض نذیر گارا، اے آئی جی ڈویلپمنٹ صاحبزادہ بلال عمر، ڈی جی شاہد اقبال و دیگر نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال، عیدالاضحی پر سیکیورٹی انتظامات اور پیرول پر قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے اجلاس کے دوران بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس لگانے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران تین قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دی گئی۔اسکے علاوہ عیدالاضحی کے موقع پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر میں امن و امان کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، پتنگ ساز فیکٹریوں اور بجلی چوروں کے خلاف ایکشن جاری رہیگا۔