ملک میں گرمی کا راج جاری، کئی علاقوں میں پارہ 50 ڈگری سے اوپر

اسلام آباد (مشرق نیوز) ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج بھی گرمی کا راج رہیگا، کہیں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اوپر چلا گیا جبکہ کہیں 50 ڈگری کے آس پاس کی گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔ آج لاہور سمیت پنجاب کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جائیگا جبکہ کراچی میں 42 ڈگری کی گرمی محسوس کیے جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کراچی میں آج سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شہر کے چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان بھی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

جنوبی سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی لہر جاری ہے، سیکڑوں افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار بھی ہوئے ہیں، حیدر آباد سمیت جنوبی سندھ کے بیشتر اضلاع ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں سورج آگ برسا رہا ہے اور پارہ 43 سے 52 سینٹی گریڈ تک پہنچ رہا ہے۔

شدید گرمی کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں، راہ چلتے سینکڑوں افراد ہیٹ سٹروک کا شکار ہوئے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں خصوصاً مختلف بیماریوں میں مبتلا مریض احتیاط برتیں کیونکہ گرمی جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔