لاہور(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ کے جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا ہے آئین پاکستان میں اقلیتوں کو اضافی تحفظ فراہم کیا گیا ہے،لاہور میں اقلیتوں سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا آئین میں تمام شہریوں کو برابرحقوق حاصل ہیں اور اقلیتوں کے بھی اتنے ہی حقوق ہیں جتنے میرے ہیں، چاہتے ہیں اقلیتی جج بھی عدلیہ میں آئیں، پاکستان کا آئین اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، جسٹس ( ر) تصدق جیلانی سے ہم نے بہت کچھ سیکھا، پاکستانی پرچم میں اقلیتوں کی بھی نمائندگی ہے، اقلیتوں کے معاملے پر عدلیہ نے وسیع کردار ادا کیا، ملکی آبادی کا 4فیصد حصہ اقلیتوں پر مشتمل ہے ، اسلام میں اقلیتوں کے حقوق کے احترام کا کہا گیا ہے، ریاست مدینہ کا آئین بھی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے ، اسلام ہمیں عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانے سے روکتا ہے،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ ہو یا ہائیکورٹ جہاں اقلیتوں کے تحفظ کی بات آئے ہم دو قدم آگے ہو کر سوچتے ہیں،پاکستان میں 3 بڑے جج تھے جن میں سے ایک نام جسٹس کارنیلس کا ہے، جسٹس کارنیلس نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے بڑے اعلیٰ فیصلے دیئے،جسٹس علی باقر نجفی نے کہا اقلیتوں کے حقوق کا معاملہ ججز کے دل کے قریب ہیں، سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر تفصیلی فیصلے دیئے۔
تمام شہریوں کے حقوق برابر،چاہتے ہیں اقلیتی جج بھی عدلیہ میں آئیں: جسٹس منصور علی شاہ

















