سرگودھا:(سحر محمود اعوان) سانحہ مجاہد کالونی کے حوالہ سے سرگودھا پولیس بھرپور انداز میں متحرک، علاقہ میں امن و امان کے قیام، مطلوبہ افراد کی گرفتاری کیلئے ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری، ضلعی امن کمیٹی کی کاوشوں سے سانحہ مجاہد کالونی کے 18 بے گناہ افراد کو رہا کر دیا گیا۔
مجاہد کالونی میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعہ پر سرگودھا پولیس ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور مطلوبہ افراد کی گرفتاری کیلئے بھی بھرپور جدوجہد کی جا رہی ہے، تاکہ علاقہ میں امن و امان کا قیام یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مرتکب عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔
وقوعہ میں گرفتار ہونے والے کچھ بے گناہ افراد کی رہائی کے لئے ضلعی امن کمیٹی مسلسل متحرک تھی جس کے نتیجہ میں ایس پی انوسٹی گیشن فرحان اسلم اور اے ایس پی عبدالسمیع شیخ کے ساتھ اہم اجلا س کا انعقاد عمل میں آیا، اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران قاری احمد علی ندیم، قاری وقار احمد عثمانی، امیر افضل اعوان، قاضی نگاہ مصطفی اور ریاست علی فیروزی موجود تھے، اس موقع پر ضلعی امن کمیٹی نے گرفتار ہونے والے بے گناہ افراد کی رہائی کے لئے اپنے موقف سے آگاہ کیا جس پر محمد وقار، عبداللہ، حبیب الرحمن، محمد اشرف، شرجیل، منظور الٰہی، محمود اللہ، حسنین صدیق، محمد وقار، محمد عدنان، ارشد محمود، محمد معظم، شاہد اقبال، محمد طیب، محمد شاہزیب، محمد امتیاز، خرم شہزاد اور محمد عظیم کو رہا کر دیا گیا۔
اس موقع پر ضلعی امن کمیٹی نے سرگودھا پولیس کا شکریہ ادا کیا ، ایس پی انوسٹی گیشن فرحان اسلم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پی او سرگودھا اسد اعجاز ملہی کی ہدایت پر مجاہد کالونی کے واقعہ کو باریک بینی سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور مجاہد کالونی کے واقعہ میں کسی بھی بے گناہ شخص کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، اہل علاقہ نقل مکانی کی بجائے مکمل احساس تحفظ کے ساتھ اپنے گھروں میں رہیں، دیگر علاقوں میں رہائش اختیار کرنے والے لوگ واپس آجائیں ، انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضلعی امن کمیٹی دیگر گرفتار افراد کے حق میں بے گناہی کے شواہد پیش کرئے تو انہیں بھی ریلیز کر دیا جائے گااور کسی کو بھی بلا وجہ حراست میں نہیں رکھا جائے گا۔
سرگودھا: ضلعی امن کمیٹی کی کاوشوں سے سانحہ مجاہد کالونی کے18بیگناہ رہا
















