پنجاب حکومت کے سنگین کیس، الیکشن کمیشن کاانتخابی نشان واپس لینے کااقدام چیلنج

لاہور(کورٹ رپورٹر)بانی پی ٹی آئی نے پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین کیسز کی منظوری کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا،بانی پی ٹی آئی نے لطیف کھوسہ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں پنجاب حکومت ، آئی جی ، وزارت داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم اور باعزت شہری ہیں جو اس وقت مختلف کیسز میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر قیادت پر سنگین مقدمات کی منظوری دی ہے، پنجاب کابینہ کا اقدام آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے،انہوں نے استدعا کی عدالت پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین مقدمات کی منظوری کے اقدام کو کالعدم قرار دے جبکہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے انتخابی نشان واپس لینے کے اختیار کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا،تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سمیت دیگر نے درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا،پی ٹی آئی نے درخواست میں موقف اپنایا آئین کے آرٹیکل 17 کے سیکشن 2 کے تحت کسی سیاسی جماعت کو الیکشن لڑنے سے روکا نہیں جاسکتا ،درخواست میں استدعا کی گئی الیکشن ایکٹ کا سیکشن 215، 209 اور 208 سمیت دیگر کو آئین سے متصادم قرار دیا جائے، پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کےخلاف ای سی پی کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے، الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کےخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روکا جائے اور پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا واپس کیا جائے۔