لاہور(اپنے رپورٹر سے )ن لیگ کے مرکزی رہنما و مشیر وزیر اعظم رانا ثناءنے پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے بنایا گیا شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق پارٹی صدر کا انتخاب آج فلیٹیز ہوٹل میں بلائے گئے مرکز ی کونسل کے اجلاس میں کیا جا ئے گا،رانا ثناءنے ماڈل ٹاﺅ ن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاپارٹی آئین کے مطابق پارٹی صدارت کیلئے عمل شروع کر دیا گیاہے ، سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے شہباز شریف کا استعفیٰ بطور صدر منظور کر لیا ہے، اگر کوئی اور امیدوار نہ ہوا تو بلامقابلہ صدر منتخب ہو گا ورنہ شو آف ہینڈ سے الیکشن ہو گا،مشیر وزیر اعظم نے کہا نواز شریف مکمل طور پر متحرک ہیں، پارٹی صدر کا انتخاب انتہائی شفاف طریقے سے ہوگا،اللہ تعالیٰ بانی پی ٹی آئی کو مجیب الرحمان جیسے انجام سے بچائے، نواز شریف نے مسلم لیگ ن کو عوامی اور مقبول جماعت بنایا، قائد اعظم کے بعد نواز شریف نے مسلم لیگ ن کواس قابل بنایا کہ وہ چار بار اقتدار میں آسکی اور اسی جماعت کے دور میں ملک کو ایٹمی طاقت ملی، اگر پوری جماعت کسی کی بھی صدارت پر متفق ہو تو اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہو سکتا، پارٹی کا کوئی بھی معزز رکن کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے،رانا ثناءنے کہا نواز شریف کسی سے روٹھے ہوئے نہیں ہیں اور مکمل طور پر متحرک ہیں، ان کے بیانات کی کمی کا سلسلہ جلد ختم ہوجائے گا، وفاقی اور پنجاب حکومت کے تمام تر بنیادی فیصلے نواز شریف کی مرضی سے ہوتے ہیں،پارٹی کے دیگر عہدوں پر تبدیلی کے بارے میں رائے اور تجاویز موجود ہیں، جہاں جہاں ضرورت محسوس ہوئی تو دیگر پارٹی عہدے تبدیل کیے جا سکتے ہیں،بانی تحریک انصاف سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کو شہہ کہاں سے مل رہی ہے، میں نہیں جانتا لیکن حماقت کسی سے بھی ہو سکتی ہے،میں بانی پی ٹی آئی کےلئے دعاگو ہوں اللہ تعالی انہیں مجیب الرحمان جیسے انجام سے بچائے، بانی پی ٹی آئی قوم کےساتھ جو کرنا چاہتے ہیں میں اس کے حوالے سے قوم کو متنبہ کرتا رہا ہوں۔
پارٹی صدر کا انتخاب آج ہوگا، نواز شریف مکمل متحرک ،اللہ تعالیٰ عمران کو مجیب الرحمان جیسے انجام سے بچائے:رانا ثناءاللہ

















