پشاور بی آر ٹی کو سالانہ 3 ارب سے زائد خسارہ، کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہے: خیبر پختونخواحکومت

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور بی آر ٹی کو سالانہ 3 ارب روپے سے زیادہ خسارے کا سامنا ہے۔دستاویز کے مطابق بجٹ میں بی آر ٹی کیلئے 3 ارب روپے سبسڈی کی مد میں مختص کئے گئے۔خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی کے اخراجات کم کرنے اور آمدن بڑھانے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔دستاویز کے مطابق مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں بی آر ٹی کے کرایوں میں 5 سے 10 روپے اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کی منظوری کیپوما بورڈ سے لی جائیگی۔مشیر خزانہ نے بی آر ٹی سٹیشنوں میں دکانوں کو کم کرایہ پر دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کم کرایہ پر دکانیں دینے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔دکانیں ماہانہ 6 ہزار روپے کے کرائے پر دی گئی ہیں، مشیر خزانہ نے کہا کہ دکانوں کا کم سے کم کرایہ 100 روپے فی مربع فٹ رکھا جائے۔کیپوما کو 3 کمرشل پلازوں کو کرایہ پر دینے کیلئے پلان تیار کرنے کی اور بی آرٹی کمرشل پلازوں سے متعلق پلان کی منظوری کی ہدایت کی گئی ہے۔ٹرانس پشاور آپریشنل پلان کو دوبارہ ترتیب دیکر 2 ارب کی بچت کرے، ٹرانس پشاور مختلف اوقات میں بی آر ٹی مسافروں کی تعداد کا جائزہ لے۔دستاویز کے مطابق عام شہریوں کے یومیہ لامحدود سفر کیلئے 150 روپے کا پاس بنایا جائے، خواتین، طلبہ، خواجہ سراں اور بزرگوں کیلئے پاس کی قیمت 100روپے رکھی جائے، فی مسافر کرایا سے ایک روپے کیپوما کے آپریشنل اخراجات کی مد میں دیا جائے۔مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے بتایاکہ بی آر ٹی کرایہ میں اضافہ ناگزیر ہے، کرایوں میں اضافے کا فیصلہ کیپوما بورڈ کریگا۔