اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے جس میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔یہاں جاری بیان میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔سپیکر نے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کو دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے پر خراج عقیدت پیش کیا۔سپیکر نے شہداءکے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے جری سپوتوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر دہشت گردوں کے ذریعے ملک کے امن کو سبوتاژکرنے کے درپے ہیں،سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان دشمن کے ناپاک عزائم کی تکمیل نہیں ہونے دیں گے،پوری قوم اپنے سکیورٹی فورسز کے جری جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم اور سکیورٹی فورسز کے دہشت گردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے بھی پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران کیپٹن (ر) حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ڈپٹی سپیکر نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریگی۔ انکا کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کیلئے ملک میں بد امنی پھیلانا چاہتے ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔
قوم کے جری سپوتوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی :سپیکر قومی اسمبلی


















