پشاور ، پی ٹی آئی ایم پی اے کاکارکنوں کےساتھ گرڈ سٹیشن پر دھاوا،بند فیڈرز چلوادئیے

پشاور:(بیورورپورٹ)پشاور میں پی ٹی آئی ایم پی اے فضل الٰہی کاکارکنوں کےساتھ گرڈ سٹیشن پر دھاوا،بند فیڈرز چلوادئیے،ایم پی اے فضل الٰہی و کارکن رحمان بابا گرڈ سٹیشن پہنچے اوربند فیڈرز چلوا کر بجلی بحال کردی۔

فضل الٰہی نے کہا تحریری یقین دہائی کرائی جائے صرف فیڈرز کی بجلی شروع کرنے پر واپس نہیں جائیں گے،بجلی حق ہے اور اپنا حق چھین کر لیں گے۔

بعدازاں فضل الٰہی اور پیسکو حکام کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور حکام نے لوڈشیڈنگ میں کمی کی یقین دہانی کرادی،فضل الٰہی نے کہاشیڈول پر عمل نہ کیا گیا اور زیادہ لوڈشیڈنگ کی گئی تو دوبارہ آئیں گے،پیسکو نے کہا ایم پی اے فضل الٰہی نے مظاہرین کےساتھ رحمان بابا گرڈ سٹیشن کا گھیراو کیا، گرڈ سٹیشن میں داخل ہوئے اور زبردستی فیڈرز چالو کرائے،فیڈرز پر بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لاسز 80 فیصد سے زائد ہیں۔

دریں اثنا پیسکو چیف انجینئر نے مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست کردی،درخواست میں کہا گیا خیبرپختونخوا میں حکومتی رکن فضل الٰہی و دیگر پیسکو چمکنی سب ڈویژن میں 500 افراد کے ساتھ داخل ہوئے، 6 فیڈرز کی بجلی زبردستی بحال کی گئی، قومی خزانے کو 36 لاکھ کا نقصان پہنچا،کارروائی کی جائے۔

ادھر وفاقی وزیر امیر مقام نے کہاخیبرپختونخوا حکومت عوامی مینڈیٹ کی توہین کررہی ہے، کبھی کہتے ہیں واپڈا ہاو¿س پر قبضہ کریں گے، کبھی کہتے ہیں اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے،ڈیم و گرد سٹیشن کسی کی ذاتی ملکیت نہیں، دھمکی آمیز ہتھکنڈوں سے عوام کو کب تک دھوکہ دیں گے،امیر مقام نے کہا خیبرپختونخوا کا بجٹ شیخ چلی کے مفروضوں کے مترادف ہے، سیاست کےلئے صوبے سے مذاق کیا جارہا ہے۔