کویت کے ساتھ تجارت کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے: علیم خان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان میں سرمایہ کاری، کاروباری منصوبوں کے امکانات اور دو طرفہ تعاون کیلئے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد مشترکہ وزارتی کمیشن کے تحت کویت کا دورہ کرے گااس دورے میں کویت کے وزیر اعظم، خارجہ، توانائی اور پٹرولیم کے وزراءسے پاکستانی وفد کی ملاقات متوقع ہے جبکہ کویت کے وزیر تجارت میزبانی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ دورے میں دوران دونوں ممالک کے مابین تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت دورہ کویت کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس میں ضروری امور کو حتمی شکل دی گئی،اس موقع پروفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین اعتماد سازی کے فروغ سے ملکی معاشی حالات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور ملک بھر کی صنعتوں کو فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور تجارت و سرمایہ کاری کی وزارت کے اشتراک سے دورہ کویت کو زیادہ سے زیادہ مفید بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کویت کے دورے کے دوران پاکستان سے زیادہ سے زیادہ افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی بالخصوص ہیلتھ پروفیشنلز اور سکلڈ لیبر کو مواقع کی فراہمی پر پیش رفت ہوگی، اسی طرح بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لے کر نجی شعبے کے ذریعے پاک کویت تعاون میں اضافہ کریں گے، ڈیری فارمنگ، میٹ پراڈکس، رائس و دیگر اشیائے خوردونوش کے لئے پاکستان کی ایکسپورٹ کمپنیوں کو آن بورڈ لیں گے تاکہ تیز تر اقدامات کے ذریعے آگے بڑھا جا سکے۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ دورہ کویت سے باہمی اشتراک، اقتصادی امور میں بہتری اور سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس کیلئے متعلقہ اداروں کو بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیاری کے ساتھ شریک ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین اعتماد سازی کے فروغ سے ملکی معاشی حالات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور ملک بھر کی صنعتوں کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ممکن ہوگا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کویت میں پاکستان کے سفیر بھی اس دورے کے حوالے سے آن بورڈ ہیں اور انہوں نے کویت حکام سے تمام ضروری انتظامی امور طے کر لیے ہیں۔ اس مو قع پرسمندر پارافرادی قوت، داخلہ، اکنامک افئیر ڈویژن،تجارت اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ افسران نے اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے دورہ کویت کے حوالہ سے بریفنگ دی۔