لاہور (نوید چودھری) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کی عدم توجہ اور ناقص حکمت عملی کے باعث مہنگی ترین سرکاری اراضی ناجائز قابضین کے ہتھے چڑھ گئی، طویل عرصے سے سٹیٹ مینجمنٹ برانچ سے تبدیل نہ ہونے والے ”کاریگر“ ملازم ناجائز قابضین کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کیلئے سہولت کاری کا کردار ادا کرنے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے پوش علاقوں میں واقع کمرشل اراضی پر کرایوں کی صورت میں حاصل ہونے والی کروڑوں کی آمدن ہاتھوں سے نکلنے لگی ہے۔ سٹیٹ مینجمنٹ برانچ کی جانب سے تیار کردہ فہرست میں مجموعی طور پر 387 پراپرٹیوں کا ذکر کیا گیا ہے جبکہ اکثر پراپرٹیاں ڈبل ٹرپل انٹری کے ساتھ فہرست میں شامل ہیں۔ فہرست کے مطابق صرف 40 کے قریب رقبہ جات کو غیر قانونی ڈکلیئر تو کیا گیاہے مگر اس کو واگزار کرنے کیلئے کوئی اقدام نہ اٹھایا جا سکا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پراپرٹیوں کا جو ریکارڈ افسروں تک پہنچایا جاتا ہے وہ گمراہ کن اور دھوکہ دہی پر مبنی نا مکمل ریکارڈ ہے، سالہاسال سے افسروں کو گمراہ کرنے کیلئے جو ریکارڈ انکے ہاتھوں میں تھما دیا جاتا ہے وہ آج تک اپ ڈیٹ ہی نہ ہوسکا ہے، حالانکہ ایک سال کے دوران متعدد مقبوضہ پراپرٹیوں کو سرکاری تحویل میں لیا جاچکا ہے، اکثر سرکاری کھاتے سے نکل چکی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ داتا گنج بخش زون، راوی زون عزیز بھی زون میں درجنوں ایسی پراپرٹیز موجود ہیں جو ریونیو ریکارڈ کے مطابق ایم سی ایل کی ہیں مگر فہرست میں شامل نہیںلیکن ان پر تجارتی سرگرمیاں چل رہی ہیں جہاں سے ایم ایل کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے مگر سٹیٹ برانچ کے کمپیوٹر آپریٹر سمیت دیگر ملازم اپنی آنکھیں اور منہ بند رکھنے کے عوض لاکھوں روپے بطور رشوت وصول کررہے ہیں۔ ڈی سی لاہو رکو لاکھوں روپے ماہانہ ریونیو اکٹھا کرنےوالی سٹیٹ مینجمنٹ برانچ کی طرف توجہ مرکوز کرتے ہوئے خفیہ تحقیقات کے ذریعے تمام رقبہ جات کی مکمل تفصیلات اکٹھی کر نے کے بعد مارکیٹ ریٹ کے مطابق نئے کرایوں کا اطلاق لازم کرنا چاہیے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کی عدم توجہ، ناقص حکمت عملی، قیمتی سرکاری زمین پر مافیا کا قبضہ
















