پنجاب میں آج سے 27 مئی کے دوران شدید ہیٹ کا خدشہ ہے: پی ڈی ایم اے

لاہور (کامرس رپورٹر) ہیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اداروں کو گائیڈ لائنز جاری کردیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ( منگل )21سے 27مئی کے دوران پنجاب میں شدید ہیٹ کا خدشہ ہے، پنجاب کے بڑے شہر میدانی علاقے اور خصوصاً جنوبی پنجاب کے اضلاع گرمی کی شدید لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر ہیٹ ویو سے بچا کیلئے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے ڈی سیز کو عوامی مقامات پر ہیٹ ویو سے بچاﺅ کی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور ضلعی انتظامیہ کو ہیلپ لائن نمبرز اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو پیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کریں،کسانوں کو ہیٹ ویو کے فصلوں پر اثرات سے متعلق آگاہی دی جائے، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ عوامی اجتماع والی جگہوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنائے، بس اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر بینرز کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو بارے آگاہی دیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ویٹرنری کیئر سینٹرز کو 24گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی منڈیوں کے مقامات پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ صحت کو ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاﺅنٹر قائم کرے، ہیٹ ویو سے متاثرہ افراد کی ابتدائی طبی امداد کیلئے ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے عوامی مقامات پر موبائل ہیلتھ یونٹس اور مستقل بنیادوں پر میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کی جبکہ محکمہ تعلیم کو سکولوں کے انٹری پوائنٹس پر ہیٹ ویو سے بچاﺅ کے بارے فلیکسز لگانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہیٹ ویو کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، دھوپ میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں،بچوں بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں ۔دل کے عارضہ میں مبتلا افراد خصوصی احتیاط کریں دھوپ میں باہر نہ نکلیں۔ شہریوں سے التماس ہے کہ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں ، احتیاطی تدابیر کے ذریعے ہیٹ ویو کے نقصانات سے بچاﺅ ممکن ہے۔