قصور: (مہر حسن حسین ) مظفر گڑھ کے سنیئر صحافی مہر اشفاق احمد سیال ضلعی نائب صدر پاکستان میڈیا کونسل مظفر گڑھ کے قتل اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف پریس کلب مصطفی آباد للیانی رجسٹرڈ اور پاکستان میڈیا کونسل کے زیر اہتمام مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرہ پریس کلب مصطفی آباد کے سامنے کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں شریک صحافیوں نے ملزمان کی گرفتاری اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے نعرے لگائے ۔
صدر پریس کلب مصطفی آباد للیانی رجسٹرڈ محمد عمران سلفی، صدر پاکستان میڈیا کونسل مصطفی آباد سیٹھ حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سینئر صحافی مہر اشفاق احمد سیال کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزمان کو ہنگامی بنیادوں پر گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا نوٹس صحافیوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کےلئے ناکافی ہے، اس سے قبل بھی آج تک جتنے بھی صحافی پاکستان میں قتل ہوئے ہیں ان کے ملزمان کو آج کیفردار تک نہیں پہنچایا جا سکا۔ پاکستان صحافیوں کے لئے خطر ناک ممالک میں شامل ہو چکا ہے، اگر حکومت نے صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور صحافیوں پر ظلم کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا نہ کیاتو پاکستان میں جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔
قصور:سینئر صحافی مہر اشفاق کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
















