وفد کا دور ہ منسوخ، کرغزستان میں طلبہ محفوظ پروپیگنڈہ شرمناک ہے، حکومت

لاہور، اسلام آباد، بشکیک: ( اپنے رپورٹر سے+ خبرنگار+ بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کرغزستان کےساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، بشکیک واقعہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے، سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، پاکستانی ہی نہیں دیگر ممالک کے طلبہ کو بھی نشانہ بنایا گیا، شہریوں کی حفاظت حکومت کی ترجیح ہے، واقعہ کے فوری بعد وزارت خارجہ میں ایمرجنسی یونٹ فعال کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں، حالات معمول پر ہیں، کرغز وزیر خارجہ کی درخواست پر دورہ ملتوی کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاﺅن میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ ،وفاقی وزیر کشمیر امور انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکرغزستان پرتشدد واقعہ افسوسناک ہے ، حکومت مشکل وقت میں متاثرین کوتنہا نہیں چھوڑے گی، زخمی پاکستانی طلبہ کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، شکر ہے طلبہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ وزیر اعظم شہبازشریف سمیت پوری حکومتی مشینری معاملے کو دیکھ رہی ہے،کرغزستان کے سفیر چھٹی پر تھے لیکن ڈپٹی سفیر نے تمام معاملات سے آگاہ کیا، واقعہ میں مجموعی طور پر 6 پاکستانیوں سمیت 16 غیرملکی طلبہ زخمی ہوئے، 3 مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، خدانخواستہ واقعہ میں کوئی ہلاکت ہوئی نہ کسی سے زیادتی، سیاسی جماعت کا پروپیگنڈہ شرمناک ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا پاکستانی طالبعلم ٹارگٹ نہیں تھے،میری بشکیک کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی اب حالات معمول کے مطابق ہیں، مقامی طلبہ نے خیرسگالی کے طور پر زخمی طلبہ کی عیادت کی، کرغز حکومت نے احتیاطی تدابیر کے تحت سکیورٹی کو بڑھا دیا، کرغزستان حکومت کی درخواست پر دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، آزاد تحقیقات کیلئے وفد بھیجیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہر پاکستانی شہری کی حفاطت حکومتی ذمہ داری ہے، سفارتخانے کے ذریعے طلبہ ،والدین کے درمیان مسلسل رابطہ ہے، ائر فورس کی ایک ائیر بس بھی طلبہ کو واپس لانے کےلئے بشکیک جائےگی ،کرغزستان میں مجموعی طور پر 11 ہزار پاکستانی طلبہ مختلف شعبوں میںتعلیم حاصل کررہے ہیں، واپسی کے خواہشمند طلبہ کو حکومت اپنے خرچے پر لائے گی،کرغزستان میںصورتحال قابو میں ہیں، سفارتخانے نے بھی حالات پرامن ہونے کی تصدیق کردی، پاکستان واپس آنےوالوں کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے۔

نائب وزیراعظم نے کہا طلبہ بشکیک سے نکلنا چاہتے ہیں تو تیار ہیں، آنے والے طلبہ سفارتخانے میں اپنے نام لکھواسکتے ہیں، یقین دہانی کراتا ہوں بشکیک میں کوئی خوفناک صورتحال نہیں، کرغزحکام نے درخواست کی بھروسہ رکھیں۔ کرغز وزیر خارجہ نے باربار کہا گھبرانے کی ضرورت نہیں، واقعہ میں ملوث افرادکوسزادیں گے،کچھ لوگوں کو گرفتار کرلیا، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں، گھٹیا سیاست سے باہرنکلنا ہوگا، ہرملک میں کچھ عناصر منفی ایجنڈے رکھتے ہیں، کرغزستان میں بھی ہمارے ملک جیسی بیماری ہے۔ کرغز وزیرخارجہ کے مطابق اپوزیشن جماعتیں غیرملکی طلبہ کیخلاف ہیں۔

وزیراطلاعات عطا تارڑ نے بشکیک معاملے پر ایک سیاسی جماعت کی جانب سے پوائنٹ سکورنگ کو شرمناک قراردیتے ہوئے کہاسیاسی فائدے کےلئے حکومت کو نیچا دکھانے کی کوشش کی گئی،کرغزستان حکومت نے حالات معمول پر آنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم شہباز شریف فکرمندی میں ساری رات جاگتے رہے، حکومتی مشینری متحرک ہے ، ہر پاکستانی شہری کی حفاظت حکومت کے ذمہ ہے ،کسی پاکستانی کو غیر محفوظ نہیں ہونے دیں گے،واپسی کے خواہشمند ہیلپ لائن پر رابطہ کر یں۔

وفاقی وزیر برائے کشمیر امور امیر مقام نے کہا کرغز حکومت سے مسلسل رابطہ ہے ،جذبات میں آنے کی بجائے حقائق کو مدنظر رکھنا چاہیے،طلبہ اپنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں تو کرغستان حکومت کا بھی فائدہ ہے کیونکہ وہ فیسوں کی صورت میں زرمبادلہ کما رہی ہے ،بطورپاکستانی ہمیں بھی فائدہ ہے بچے پڑھ لکھ کر جب واپس آئیں گے تو معاشرے میں ایک اہم کردار ادا کر سکیں گے،حکومت متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے طلبہ کی باحفاظت واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کردی، شہباز شریف نے ہدایت کی کرغزستان میں موجو تمام پاکستانی طلبہ ،خاندانوں کےساتھ رابطے میں رہیں ،زخمی طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر پاکستان لایا جائے،پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو کرغز نائب وزیر خارجہ آیواز بیک عطاخانوف سے ہوئی اپنی ملاقات سے آگاہ کیا۔

پاکستانی سفیر کے مطابق کرغز حکومت نے یقین دہانی کرائی حالات پر مکمل طور قابو پا لیا ،تشدد کا کوئی نیا واقعہ نہیں ہوا،سکیورٹی بڑھا دی ، پاکستانی و دیگر غیر ملکی طلبہ بالکل محفوظ ہیں،شہبازشریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہاحالات معمول پر آنے کے باوجود اگر کوئی پاکستانی طالب علم وطن واپس آنا چاہتا ہے تو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

علاوہ ازیں صدر مملکت آصف زرداری کی ہدایت پر ایوان صدر نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر سے رابطہ کرکے پرتشدد صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ،ایوان صدر نے بشکیک میں پاکستانی طلبہ کی حفاظت کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کرغزستان میں پاکستانی طلبہ کو تعلیم کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے،طلبہ کی حفاظت و تعلیم جاری رکھنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

مزید برآں کرغزستان میں پاکستانی سفیر نے کہا کرغزستان میں پاکستانی طلبہ کی سکیورٹی صورتحال بہتر ہو رہی ہے،حکومت کےساتھ رابطے میں ہیں،کرغز حکومت اور جامعات پاکستان واپس جانے والے طلبہ کیلئے آن لائن کلاسز کا اہتمام کریگی۔

ادھر کرغزستان کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،کرغز وزیر خارجہ نے 18مئی کو بشکیک میں غیر ملکی طلبہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاامن عامہ کو مکمل طور پر یقینی بنادیا گیا ،صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے،غیر ملکی میڈیا اور سوشل نیٹ ورک جعلی ، غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، کرغز وزیر نے کہاغلط معلومات سے کرغزستان و پاکستان کے تعلقات کو نقصان پہنچ سکتا ہے،اسحاق ڈار نے امن عامہ و پاکستانی طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب پاکستانی سفیر اور کرغزستان کے اعلیٰ حکام نے حملے ہونے والے ہاسٹل کادورہ کیا،طلبہ سے ملاقات کی،کرغز حکام نے کہا آپ پریشان نہ ہوں، حالات کو نارمل ہونے دیں، مہمانوں پرحملہ ہونے پر شرمندہ ہیں۔