بینکوں کو معاشی بحالی کیلئے حکومت کے ساتھ ملکر کام جاری رکھنا چاہئے : وزیر خزانہ

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات اورنگزیب کے مابین ملاقات۔ اجلاس میںبینکوں کی جانب سے پاکستان میں زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں کی مدد بڑھانے پر غور کیا گیا اورملک میں مالی شمولیت کو فروغ دینے کیلئے بینکنگ سیکٹر عزم کا احاطہ کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا کہ اس مشق کامقصد بینکنگ کے شعبے کو ان ترجیحی شعبوں میں انکے سائز اور منفرد پیشکشوں کے مطابق حصہ ڈالنے کی ترغیب دینا ہے۔ بینکوں اور ریگولیٹر کے درمیان رضاکارانہ اہداف مقرر کئے جائیں گے تاکہ ان اہم شعبوں میں اپنا حصہ ڈالنے کی ذمہ داری کو بانٹ سکیں تاہم ”ڈائریکٹڈ قرضہ“ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بینکوںکو معیشت کی بحالی اور ترقی میں حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنا چاہیے۔اجلاس میں ان شعبوں کی ترقی کیلئے چیئرمین پی بی اے ظفر مسعود نے سٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین، بشمول وائس چیئرمین پی بی اے، احمد بوزئی، سی ای او اور ایس جی پی بی اے منیر کمال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر (فنانشل انکلوژن گروپ) سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)، سید عرفان علی اور میزان بینک کے صدر اور سی ای او عرفان صدیقی نے جامع سفارشات پیش کیں ۔ واضح رہے کہ تمام چیلنجوں سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے یہ تجاویز اسٹیٹ بینک کے ساتھ مشاورت سے تیار کی گئی ہیں۔زرعی شعبے کی اہم سفارشات میں دیگر اقدامات کے علاوہ فصل کی پیداوار سے مربوط کر قرضوں کی انشورنس اسکیموں کی تنظیم نو، زرعی کوآپریٹو بینکوں کو بحالی اور صوبائی زرعی کوآپریٹو قانون سازی کو اپ گریڈ کرنا شامل ہے تاکہ زرعی کوآپریٹو قرض دینے والے اداروں کی تشکیل میں آسانی ہو۔ سفارشات میں بینکوں کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈیز کی تقسیم میں سہولت فراہم کرنے کیلئے BISP کی طرز پر ٹیکنالوجی پر مبنی حل تلاش کرنا بھی شامل ہے جس سے مالی شمولیت کو فروغ حاصل ہو گا۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ جیسے اداروں کو مالی اور انتظامی مدد فراہم کرنے کیلئے بینک فعال کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں وزیر موصوف کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کہ ایس ایم ای فنانسنگ کو آسان بنانے کیلئے ایس ایم ای پروڈنشل ریگولیشنز پر نظر ثانی کرنے، کلین فنانسنگ کی حدوں کو بڑھانے اور ریگولیٹری ریٹیل پورٹ فولیو کی حدوں کا جائزہ لینے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ اس کے علاوہ پی بی اے ”ایس ایم ای اور ایگریکلچر انڈیکس“قائم کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ دستاویزی معیشت سے باہر صارفین پر توجہ دی جائے اور کریڈٹ رسک مینجمنٹ کو بھی بہتر بنایا جائیگا۔پی بی اے کی جانب سے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے ضمن میں کی گئی میں مائیکرو سکوک/انفرا بانڈز کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے اور فری لانسرز کو ادائیگی کے گیٹ ویز میں ضم کرنے کی سفارش کی گئی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی طور پر تیار کردہ آن لائن پورٹلز کے ذریعے غیر ملکی ترسیلات زر کو بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ برآمدی بہا¶میں اضافے کیلئے بینکوں کو بیرونی دنیا کو ٹیکنالوجی پر مشتمل مصنوعات اور خدمات پیش کرنے کی اجازت دی جائے، جو فی الحال صرف انکے اپنے کاموں کیلئے استعمال ہوتی ہیں۔ اجلاس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے معیشت کی دستاویزات سے متعلق سفارشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلے میں حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں بینکوں کے کردار کا خاکہ پیش کیا گیا۔وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات اورنگزیب نے پاکستان بینکس ایسو سی ایشن کی سٹیئرنگ کمیٹی اور تینوں ترجیحی سیکٹر کیلئے متعلقہ ٹاسک فورسز کو ان کے مکمل تجزیہ اور قیمتی سفارشات کو سراہا۔ انہوں نے اقتصادی ترقی میں اضافے کیلئے بینکاری کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے ان ترجیحی شعبوں کی حمایت میں اپنی کوششوں کو بڑھا دیں۔ انہوں نے مجوزہ سفارشات پر عملدرآمد کیلئے انتظامی ڈھانچہ قائم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ یہ کام پاکستان بینکس ایسو سی ایشن، سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ مشترکہ طور پر کریں گے جس کی سربراہی گورنر سٹیٹ بینک اور وزیر خزانہ کریں گے۔ پاکستان بینکس ایسو سی ایشن کے چیئر مین ظفر مسعود نے اجلاس کے اختتام پر کہ پی بی اے اور اس کے اراکین ان سفارشات پر عملدرآمد کیلئے وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کیساتھ ملکر کام کرنے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہیں، اور پاکستان کی معاشی خوشحالی میں بینکاری کے شعبے کے موثر شراکت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔