ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا بڑا اقدام، رہائشی علاقوں اور بڑی شاہراہوں پر قائم ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی کمرشلائزیشن فیس کی ادائیگی چیک کرنے کی ہدایت، جن عمارتوں کی کمرشلائزیشن فیس ادا نہیں ہوئی انکے خلاف فوری کارروائی کی جائے،کمشنر شعیب اقبال سید نے احکامات جاری کردئیے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹرڈویلپمنٹ ڈاکٹرسیف اللہ، چیف آفیسر اشفاق احمد اور سٹی منیجر پسپ اسجد علی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مڈھالی روڈ کی کارپٹنگ کیلئے پتھر ڈالنے کا کام آج مکمل ہو جائیگا جس کے بعد اگلے ہفتے کارپٹنگ شروع کر دی جائیگی۔ سٹی منیجر پسپ اسجد علی نے اجلاس کی توجہ شہر کے پارکوں میں پانی کے بیجا استعمال اور گراﺅنڈزمیں مسلسل پانی کے ٹیب کھلا چھوڑنے کی طرف دلائی جس پر کمشنر شعیب اقبال سید نے ناراضگی کا اظہار کیا اور پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ پارکوں میں پانی کے ضیاع کو سختی سے روکا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو پانی مہیا کیا جا سکے۔ انہوں نے پارکوں میں تعینات عملے کے ڈیوٹی روسٹر پر سختی سے عملدرآمدکروانے کی بھی ہدایت کی۔
جن عمارتوں کی کمرشلائزیشن فیس ادا نہیں ہوئی انکے خلاف کارروائی کی جائے :کمشنر ساہیوال
















