اسلام آباد (مشرق نیوز) دفتر خارجہ نے کرغزستان کے سفارت خانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کیلئے طلب کرلیا۔ ڈائریکٹر جنرل دفتر خارجہ نے کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور کو کرغزستان میں پاکستانی طلبہ پر تشدد کی رپورٹس پر پاکستان کی جانب سے گہری تشویش سے آگاہ کیا اور کہا کہ کرغز حکومت کو پاکستانی طلبہ کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان دنیا بھر میں ہم وطنوں کے تحفظ اور سلامتی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریگی۔
دریں اثنا نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ کو کرغزستان میں جاری صورتحال پر نظر رکھنے اور وہاں موجود پاکستانی شہریوں کی مکمل مدد اور انہیں سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور ڈیمارش کیلئے دفتر خارجہ طلب
















