مریم نواز کی ایلیٹ یونیفارم پہن کرکمانڈوز کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں شرکت

لاہور: (اپنے رپورٹر سے،کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایلیٹ فورس ٹریننگ سنٹر میں پاسنگ آوٹ پریڈ میں ایلیٹ یونیفارم پہن کر شرکت کی، ایلیٹ کمانڈوز کی حمزہ ،عائشہ کمپنی نے وزیر اعلیٰ کو جنرل سلامی پیش کی، پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس نے پروفیشنل ٹریننگ کے مظاہرے پیش کیے ، فی میل کمانڈوز نے سیٹ، ہیلی ریپلنگ بلڈنگ کراسنگ،لیزرڈ کرال فیس ڈاون ریپلنگ اورسٹریٹ کراسنگ کے مظاہرے کیے،فی میل کمانڈوسالٹ ٹیم نے سموک سکرین کےساتھ موونگ فائر کا مظاہرہ بھی کیا۔

مریم نواز نے فی میل کمانڈوز کی پیشہ وارانہ قابلیت کو سراہا، ایلیٹ کمانڈوز نے بلند ٹاور سے زخمیوں و سامان اتارنے کے مظاہرے کئے،وزیر اعلیٰ نے جیپ پر پریڈ کا معائنہ کیا،ٹریننگ میں اعلیٰ کارکردگی پر کمانڈوز میں انعامات تقسیم کیے ،بہترین کارکردگی پر کیش انعامات کا اعلان بھی کیا، ایلیٹ کمانڈوز نے ٹریننگ مکمل کرنے پر حلف لیا ،مریم نوازنے ایلیٹ پولیس کے جدید اسلحے ، ایم پی فائیو ایس ایس آر، پی او ایف آئی، این وی جی گن کا عملی معائنہ کیا،فی میل کمانڈوز سے ملاقات کی ،تصاویر بنوائیں ،ٹریننگ مکمل کرنےوالے ایلیٹ کمانڈوز کے والدین ،اہل خانہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر میں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایلیٹ فورس کے یونیفارم میں پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت کر کے جتنی خوشی آپ کو ہو رہی ہے اتنی ہی خوشی مجھے ہو رہی ہے،انتہائی مشکل 6ماہ کی ٹریننگ تھی، 800 بچے کامیاب ہوئے ،70 خواتین بھی شامل ہیں،پریڈ کے معائنے کے دوران آپ کے چہرے پر پاکستانیت دیکھ کر مجھے بطور وزیراعلیٰ انتہائی حوصلہ ملا۔

مریم نوازنے کہا ایلیٹ فورس نواز،شہباز کا لگایا پودا ہے،آپ سے اظہار یکجہتی کےلئے ایلیٹ فورس کا یونیفارم پہن کرآئی ہوں، پاس آوٹ ہونے والوں کےلئے خصوصی کیش پرائز بھجواوں گی، شہید کو دیکھتی ہوں تو سوچتی ہوں شہادت کا کیا جذبہ ہے جس کےلئے لوگ اپنے بیٹوں کو مٹی پر قربان کرنے کےلئے پیش کرتے ہیں، شہادت کے جذبے کو سلام کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا آئی جی پنجاب بہت متحرک افسر ہیں،لائی گئی تبدیلیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں،پولیس فورس کے پیچھے کھڑی ہوں جو سہولیات و ٹیکنالوجی چاہیے مہیا کریں گے، پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،نوجوانوں کے فورس میں شامل ہونے سے مجھے تبدیلی نظر آنی چاہیے،مریم نوازنے کہا جب آپ کے پاس کوئی مظلوم آئے تو دادرسی کرنی ہے اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے وہ وقت دور نہیں جب پولیس لگے دھبے دھوئیں گے اور لوگ سکون سے اپنے گھروں میں سوئیں گے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایلیٹ پولیس فورس ہیڈ کوارٹر کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا ،صوبے بھر میں امن وامان کے امور کا جائزہ لیا گیا، آئی جی پنجاب نے تفصیلی بریفنگ دی،اجلاس میں پولیس ،پراسیکیوشن کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ میں بہتری کےلئے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ ،ریپ کی سزا 10سے 15سال تک بڑھانے کی تجویز پر غور اورگینگ ریپ، بچوں سے زیادتی و گھریلو ملازمین پر تشدد واقعات کے سدباب کےلئے موثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا،پولیس کو کوراڈ کاپٹر ڈرون و دیگر جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کیلئے فنڈز کے اجرا کےلئے اصولی منظوری دی گئی،مریم نوازنے کہا پولیس کو پورے وسائل مہیا کریں گے،کرائم کو ہر صورت میں ختم کرنا ہے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے تیل کی قیمتوں میں کمی پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی یقینی بنانے کا حکم دےدیا اور تمام اضلاع میں انتظامیہ کو کرایوں میں کمی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی،مریم نوازنے کہاپٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچایا جائے،ٹرانسپورٹ کے کرائے اشیائے خورد ونوش سمیت تمام دیگر اشیا کے نرخ پر اثر انداز ہوتے ہیں،ٹرانسپورٹ کرائے کم کر کے عوام کو ریلیف دیںگے،وزیراعلیٰ نے لاہور میںایک سرے سے دوسرے سرے تک ٹرانسپورٹ کا 5سالہ پلان بھی طلب کر لیا۔