واوڈا،مصطفی کمال کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس،ادارے کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے،چیف جسٹس

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سینیٹرفیصل واوڈا،مصطفی کمال کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس،سپریم کورٹ نے دونوں کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تنقید کرنی ہے تو سامنے آکر کریں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سینیٹر فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر لیے گئے ازخود نوٹس کیس پر سماعت کی،دوران سماعت چیف جسٹس نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کی تفصیلات طلب کر لیں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کیا آپ نے پریس کانفرنس سنی؟ توہین عدالت ہوئی یا نہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا مجھے جو ویڈیو ملی اس کے متعلقہ حصے میں آواز نہیں تھی، کچھ حصہ خبروں میں سنا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کیا پریس کانفرنس توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے؟ کوئی مقدمہ اگر عدالت میں زیر التوا ہو تو رائے دی جا سکتی ہے؟ میرے خلاف بہت زیادہ گفتگو ہوئی لیکن نظرانداز کیا، میرے نظر انداز کرنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سوچا ہم بھی تقریر کر لیں لیکن کیا آپ اداروں کی توقیر کم کرنا شروع کر دیں گے؟،وکلا، ججز اور صحافیوں سب میں اچھے برے لوگ ہوتے ہیں، برا کیا ہے تو نام لےکر مجھے کہیں، ادارے کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، ہوسکتا ہے میں نے بھی ادارے میں 500 نقائص دیکھے ہوں، کیا ایسی باتوں سے آپ عدلیہ کا وقار کم کرنا چاہتے ہیں؟

چیف جسٹس نے کہاادارے عوام کے ہوتے ہیں، اداروں کو بدنام کرنا ملک کی خدمت نہیں، اداروں میں کوتاہیاں ہوسکتی ہیں، میں کسی اور کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا اگر میں نے کوئی غلط کام کیا ہے تو بتائیں، تنقید کریں، ہر روز اچھا کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون پر عمل کر رہے ہیںجس کے پاس دلائل ہوں گے وہ ججز کو بھی چپ کرا دے گا، میں نے اپنی ذات نہیں بلکہ ادارے کیلئے حلف لیا ،چیف جسٹس نے کہا کیا چیخ و پکار کر کے آپ ادارے کی خدمت کر رہے ہیں؟ مارشل لا ءکی توثیق کرنے والوں کا کبھی دفاع نہیں کروں گا اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے توسزا دیگر ججز کو نہیں دی جا سکتی، بندوق اٹھانے والا سب سے کمزور ہوتا ہے کیونکہ اس کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہوتا، دوسرے درجے کا کمزور گالی دینے والا ہوتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے ایک کمشنر نے مجھ پر الزام لگایا، بھئی بتاو تو صحیح چیف جسٹس کیسے دھاندلی کرا سکتا ہے؟ سارے میڈیا نے بیان چلا دیا، مہذب معاشروں میں کوئی ایسی بات نہیں کرتا اس لئے وہاں توہین عدالت کے نوٹس نہیں ہوتے، چیخ و پکار ، ڈرامہ کرنے کی کیا ضرورت ہے، تعمیری تنقید ضرور کریں لیکن ایک حد ہونی چاہیے،چیف جسٹس نے کہا ان کے بعد ایک اور صاحب آگئے جن کا نام مصطفی کمال ہے، انہوں نے بھٹو کا ذکر کیا، بھائی اگر غلط کیا ہے تو بتائیں، بھٹو کے بارے میں آپ نے کیا کیا ہے؟ ذوالفقار بھٹو کو زندہ تو نہیں کر سکتے لیکن غلطی تو مان لی، صرف ایک کام کرنا ہے کہ ادارے کو بدنام کرنا ہے، آپ نے بڑی جدوجہد کر دی تقریر کر کے لیکن بہتری کیلئے کوئی بھی تحریری طور پر نہیں جاتا، آپ نے تقریر کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کریں نا، پریس کلب کیوں؟۔

چیف جسٹس نے کہاکہا کیا کسی صحافی نے سوال کیا یہاں کیوں بول رہے ہیں؟ بس ان کو سامعین چاہیے، فیصل واوڈا کے بعد مصطفی کمال بھی سامنے آ گئے، دونوں ہی افراد اراکین پارلیمنٹ ہیں تو ایوان میں بولتے، ایسی گفتگو کرنے کیلئے پریس کلب کا ہی انتخاب کیوں کیا؟ پارلیمان میں بھی ججز کے کنڈکٹ پر بات نہیں کی جا سکتی،پتہ ہے عدلیہ کا انڈیکس میں نمبر 137 یا جو بھی ہے،باپ کے گناہ کی ذمہ داری بیٹے کو نہیں دی جا سکتی اسی عدالت نے مارشل لا ءکی بھی آئینی توثیق کی ہے اگر ایک ممبر قومی اسمبلی غلط ہے تو سارے پارلیمان کو غلط نہیں کہہ سکتے،چیف جسٹس نے کہاپتہ ہے عدلیہ کون سے نمبر پر ہے، گالیاں دینا مناسب نہیں، ہر چیز پر حملہ نہ کریں، آپ ادارے کو تباہ کر رہے ہیں اگر توہین عدالت کی کارروائی چلائی تو کیس میں استغاثہ کون ہوگا؟ استغاثہ اٹارنی جنرل ہوں گے،چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا اب وزن آپ کے کندھوں پر ہے، کیا شوز کاز نوٹس ہونا چاہیے یا صرف نوٹس ہونا چاہیے؟ ملک کا ہر شہری عدلیہ کا حصہ ہے، جرمنی میں ہٹلر گزرا وہاں آج تک کوئی رو نہیں رہا، غلطیاں ہوئیں تسلیم کر کے آگے بڑھیں، سکول میں بچے غلطی تسلیم کریں تو استاد کا رویہ بدل جاتا ہے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا،مصطفی کمال سے 2 ہفتے میں جواب طلب کر لیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے جو تنقید کرنی ہے ہمارے سامنے کریں، دونوں افراد کو نوٹس جاری کرتے ہیں، منہ پر آ کر تنقید کر لیں،سپریم کورٹ نے پیمرا سے پریس کانفرنس کی ویڈیو ریکارڈنگ و ٹرانسکرپٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 جون تک ملتوی کر دی۔

سپریم کورٹ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہابادی النظر میں توہین عدالت ہوئی ، فیصل واوڈا ،مصطفی کمال اپنے بیانات کی وضاحت کریں، دونوں رہنماوں سے 2 ہفتے میں جواب طلب کرلیا، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے پریس کانفرنس کی ویڈیو ریکارڈنگ ،ٹرانسکرپٹ پیش کرے۔