فیصل آباد:نجی ٹیکسٹائل ملز نے کروڑوں کی ادائیگیاں روک لیں،متاثرین سراپا احتجاج

فیصل آباد:( سید صداقت علی شاہ ) نجی ٹیکسٹائل ملز میگنا انڈسٹریز نے مختلف چیزیں سپلائی کرنے والوں کے کروڑوں روپے کی ادائیگیاں روک لیں، گزشتہ8 سے10 ماہ تک کی ادائیگیاں کرنے سے انکار کردیا۔

تمام وینڈرز نے کھرڑیانوالہ میں میگنا ٹیکسٹائل کے مین گیٹ کے سامنے احتجاج کیا جس پرسکیورٹی گارڈز نے پر امن احتجاج کرنے والوں پر اسلحہ تان لیا، وینڈرز نے میگنا انڈسٹریز کے مالکان سعید اللہ، فرحت اللہ، ذیشان سعید، عبداللہ وغیرہ کی رہائش گاہوں کے باہر بھی پر امن احتجاجی دھرنا دیا مگر وہ ان کی ادائیگیاں کرنے سے انکاری ہیں۔

وینڈرز کے مطابق کئی کئی ماہ سے میگنا انڈسٹریز نے اپنے مختلف شعبہ جات کی سپلائی منگوائی اور کروڑوں روپے کی اشیاءخریدیں مگر ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جس پر جنرل آرڈرسپلائی کے کاروبار سے وابستہ درجنوں وینڈرز اور ان کے ملازمین کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں، احتجاجی مظاہرین نے حکومتی ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ میگنا انڈسٹریز سے واجبات کی ادائیگی کرائی جائے۔