ریاستی اداروں کی نجکاری کا اعلان،حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹرٹیجک اداروں کے علاوہ تمام ریاستی اداروں کی نجکاری ہو گی، چاہے نفع بخش ہیں یا خسارے کا شکار ہیں۔

شہبازشریف کی زیر صدارت اہم جائزہ اجلاس ہوا ،وزارت و نجکاری کمیشن کی طرف سے نجکاری پروگرام 2029-2024 کا روڈ میپ پیش کیا گیا،اجلاس کو حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری پر ہونےوالی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اس موقع پر وزیراعظم نے سٹرٹیجک ریاستی ملکیتی اداروں کے علاوہ دیگر تمام ریاستی اداروں کی نجکاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ماسوائے سٹرٹیجک ریاستی ملکیتی اداروں کے دیگر تمام ریاستی ملکیتی ادارے چاہے وہ نفع بخش ہیں یا خسارہ زدہ کو پرائیویٹائز کیا جائےگا،حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار و سرمایہ کاری دوست ماحول یقینی بنانا اور سہولیات و آسانیاں فراہم کرناہے،تمام وفاقی وزارتیں نجکاری کمیشن سے تعاون کریں۔

وزیراعظم نے کہاحکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت ہوگی ،پیسے سے سروسز کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی، نجکاری کے عمل میں شفافیت کو اوّلین ترجیح دی جائے،وزیراعظم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری بڈنگ سمیت دیگر اہم مراحل کو ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہادیگر اداروں کی نجکاری کے عمل کے مراحل کو بھی براہ راست نشر کیا جائےگا۔

دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر بندرگاہ کو مکمل فعال کرنے کیلئے ملکی درآمدات بالخصوص حکومت کی جانب سے درآمد کی جانے والی اشیاکا خاص تناسب گوادر بندرگاہ سے درآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سی پیک ٹو پر کام میں وزارتوں و سرکاری اداروں کی جانب سے کسی بھی قسم کا تعطل قبول نہیں، چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، چین کےساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کا مزید فروغ خوش آئند ہے، چین پاکستان اقتصادی شراکت داری تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، متعلقہ افسر و ادارے یقینی بنائیں دونوں ممالک کیلئے مثبت نتائج حاصل ہوں۔

مزید برآںوفاقی کابینہ نے ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی قیام کے معاملے پر اتحادیوں کی کمیٹی تشکیل دےدی، کمیٹی اتھارٹی پر اتفاق رائے پیدا کرنے کےلئے کام کریگی۔اجلاس میں پیکا ایکٹ میں ترامیم کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی ، مسودات قانون کو پارلیمنٹ میں قانون سازی کیلئے پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پیکا ایکٹ 2016میں ترمیم کے مسودے کو حتمی شکل دےکر کئی سیکشنز ،شقیں تبدیل کر دی گئیں،مختلف جرائم کی سزاوں میں کئی گنا اضافہ کردیا گیا اور مختلف جرائم ناقابل ضمانت قرار دئے دئیے گئے،قانون کے مطابق حکومت یا عوام کے کسی طبقے،برادری یا فرقے میں خوف ، عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنا سائبر ٹیررازم کہلائے گا، معاشرے میں خوف یا عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنا بھی سائبرٹیررازم تصور کیا جائیگا،کالعدم تنظیموں، افراد یا گروہوں کے مقاصد کو آگے بڑھانا بھی سائبر دہشت گردی کہلائیگا۔

سائبر ٹیررازم کے تمام کیسز نیشنل سائبرکرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کے پاس جائیں گے،سائبرکرائم انوسٹی گیشن ایجنسی پولیس ،ایف آئی اے کی پاور ،وسائل استعمال کرسکے گی اور کسی بھی ملزم ،مجرم کی جائیداد ضبط کرنے کی مجاز ہوگی،سائبرکرائم کے سیکشن 8 کی سزائیں 3 سال سے بڑھا کر 7 سال کردی گئیں ،الیکٹرانک جعل سازی کی سزا 3 سال سے بڑھا کر 7 سال ،50 لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں، سٹیٹ بینک کی اجازت کے بغیر ورچوئل یا کرپٹوکرنسی کے استعمال پر 5 سال سزا ہوگی،الیکٹرانک ڈیوائس کی سپلائی پر سزا 6 ماہ سے بڑھا کر 3 سال ،بغیر اجازت کسی کی شناختی معلومات استعمال کرنے پر سزا 3 سال سے بڑھا کر 7 سال مقرر کردی گئی۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا اجتماعی کاوشوں سے آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک ختم ہوگئی ،انسانی جانوں کاضیاع افسوسناک ہے،بعض لوگ صورتحال خراب کرنا چاہتے تھے،وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے بہن بھائیوں کےلئے 23 ارب کی امدادی رقم فی الفور جاری کرنے کا اعلان کیا،آزاد کشمیر کی حکومت نے معاملے میں بہت تحمل سے کام لیا، آزاد کشمیر کے بہن بھائیوں سے ملنے جلد مظفر آباد جاو¿ں گا۔

مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماعبد الغفور حیدری نے ملاقات کی ،ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال ،بلوچستان کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ،شہبازشریف نے کہاملک کو درپیش مسائل حل کرنے اور معیشت کو پٹڑی پر ڈالنے کےلئے تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لےکر چلنا چاہتے ہیں،بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود ترجیحات میں شامل ہے ،بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم و روزگار کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے،ملاقات میں اراکین قومی اسمبلی عثمان بادینی اور نور عالم خان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندو خیل بھی ملے،وزیراعظم نے جعفر خان مندو خیل کو گورنر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ، نیک خواہشات کا اظہار کیا۔