بانی پی ٹی آئی کا رویہ معاشرے کی نشوونما کےلئے زہر قاتل ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا رویہ معاشرے کی گروتھ کے لئے زہر قاتل ہے ،کسی سے بات نہیں کرنی یہ بنیادی برائی ہے اور اسی نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کی ہیں اور بانی پی ٹی آئی بھی اس میں پورے زور سے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، جب شہباز شریف نے پارٹی صدارت سنبھالی تھی تو انہوں نے اسے امانت کے طور پر سنبھالا تھا ، پارٹی صدارت کا منصب نواز شریف کا حق ہے ، درآمدی گندم اور پہلے سے ذخیرے کی موجودگی کی وجہ سے نئی فصل کی خریداری میں مسائل پیدا ہوئے ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سیاست نام ہی ڈائیلاگ کا ہے ، اپنی کی گئی غلطی کو تسلیم کرنا چاہیے ،یہ عوام کی زندگی کا سوال ہے اس میں کوئی ضد کرنے کی بات نہیں ہوتی ۔ چلتے نظام کو توڑ دیا جائے اور اس میں اپنی پسند اور نا پسند کا سلسلہ قائم کر دیا جائے تو پھر یہ بچے جنے گی ،اگر آپ سیاست میں ڈائیلاگ نکال دیں تو پھر سیاست تو ختم ہو گئی ،آئین کہتا ہے کہ سیاست کی بنیاد پر سب ہوگا ،ووٹ لینا دینا ،پارلیمان میں جانا ،بحث کرنا دلیل سب سیاست کی بات ہے ڈائیلاگ کے بغیر تو سیاست کچھ نہیں ہے ،بانی چیئرمین کا رویہ معاشرے کی گروتھ کے لئے زہر قاتل ہے ،اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ایک ایسی پوزیشن پر کھڑے ہیں جہاں پر وہ کسی سے بات نہیں کرنا چاہتے ، جب آپ ایک ایسی پارٹی سے بات کرنا چارہے ہیں جو بات کرنا ہی نہیں چاہتی تو پھر آپ نے پلڑا کس طرف جھکانا ہے ،برائی کس طرف ہے ، یہ رویہ بنیادی برائی ہے اسی بنیادی برائی نے آج تک اس ملک کی جڑیں کھوکھلی کی ہیں اوراس میں بانی چیئرمین اپنا حصہ پورے زور سے ڈا ل رہے ہیں ۔اسپیکر ملک محمد احمد خان نے آزاد کشمیر کی صورتحال اور عارف علوی کے بیان پر کہا کہ آزاد کشمیر میں منتخب حکومت ہے ،لوگوںکی اکثریت نے موجودہ حکومت کو ووٹ کیا ہے ،عارف علوی کو اس سے باہر نکلنا چاہیے وہاں ان کا مینڈیٹ موجود ہے ، سوال ہے مسئلے کا حل کیا ہے وہ گفت و شنید ہے جو جائز مطالبات ہےں ان کو تسلیم کیا جائے ، فورس کا استعمال کوئی حل نہیں ہے ،وہاں پر ایک اہلکار افسر کی جان گئی ہے اور یہ بڑا حادثہ ہے ، کیوں یہ ہمارے بچے جو وردیوں میں ہیں احتجاج کو کنٹرول کرتے ہوئے روز ان کی جانیں جارہی ہیں ،ایڈ منسٹریشن اورسیاسی جماعتوں کوچاہیے کہ معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں ۔انہوںنے گندم کی صورتحال کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے یہ تجویز دی تھی کہ ایسی صورت پیدا کی جائے جس میں تمام طبقات کی سہولت کو مد نظر رکھا جائے ،درآمدی گندم اور پہلے سے موجود ذخیرے کے ساتھ مزید گندم خریداری کے حوالے سے مسائل پیدا ہوئے ،چھ ایکڑ کے کسان سے خریداری کے حوالے سے سامنے آیا ہے ۔