اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دےدی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر اسلام آباد میں خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، آزاد کشمیر حکومت کے وزراءاور اعلیٰ سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراءاور اتحادی جماعتوں کے زعماءنے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ صورتحال کا مفصل جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دیدی جس پر کشمیری قیادت اور جملہ شرکاءنے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ اس فیصلے کے فوری بعد آزاد کشمیر میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔ آزاد جموں و کشمیر محکمہ توانائی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ گھریلو استعمال کی بجلی کیلئے ایک سے 100 یونٹ تک بجلی کی قیمت 3 روپے فی یونٹ ہوگی۔ 101 سے 300 یونٹ تک 5 روپے جبکہ 300 سے زیادہ یونٹس کے استعمال پر 6 روپے فی یونٹ ہو گی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق کمرشل استعمال پر 300 یونٹ استعمال پر بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے ہو گی۔ 300 سے زائد یونٹس کے استعمال پر فی یونٹ بجلی کی قیمت 15 روپے ہوگی۔
آزاد کشمیر میں بجلی قیمتوں میں بڑی کمی، وزیراعظم کی 23 ارب روپے کی منظوری
















