اسلام آباد:(بیورورپورٹ)صدر مملکت آصف زرداری نے کہاہے آزاد کشمیر کے مسائل بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں،سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے تاکہ دشمن عناصر حالات کا فائدہ نہ اٹھا سکیں۔
آصف زرداری کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورتحال پر ایوان صدر میں اجلاس ہوا ،ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کےخلاف شکایات کے انبار لگا دئیے،اجلاس میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔
صدرمملکت سے پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران کے وفد نے بھی ملاقات کی،وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر میں ہونےوالے حالیہ افسوسناک واقعات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صدرمملکت نے کہاتمام سٹیک ہولڈرز تحمل کا مظاہرہ کریں، آزاد جموں و کشمیر کے مسائل بات چیت و باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں،آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہیے، موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کیلئے عوامی شکایات پر وزیراعظم سے بات کروں گا،آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، سیاحت و انفرسٹرکچر کی ترقی سمیت سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
آزاد کشمیر کے مسائل بات چیت سے حل کیے جائیں،صدرزرداری
















