پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے حتمی فیصلے سے قبل ہر پہلو پر غور ہوگا:ذیشان رفیق

لاہور (خبرنگار) پنجاب میں نئے بلدیاتی قانون کی تیاری کیلئے قائم کمیٹی کا دوسرا مشاورتی اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کنوینر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کی۔ شریک کنوینر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، ارکان اسمبلی، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں یونین کونسل کی آبادی کے تعین کے لئے مختلف تجاویز پر بحث کی گئی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے حتمی فیصلے سے قبل ہر پہلو پر غور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی آبادی کا تعین کرنے سے پہلے کم آبادی والے دشوار گزار علاقوں کو مدنظر رکھا جائیگا اور اس حوالے سے پہلے متعلقہ ایم پی ایز سے مشاورت ہوگی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تجویز دی کہ نئی ٹاﺅن کمیٹی یا وارڈز بنانے سے پہلے مالیاتی پہلوﺅں اور انسانی وسائل کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دیہی اور شہری آبادی کا تعین کرنے کیلئے ہر علاقے کی نئی میپنگ ضروری ہے۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس اگلے ہفتے ہوگا۔ دریں اثناءوزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت کمشنر لاہور آفس میں اجلاس کے دوران ضلع لاہور میں مختلف مجوزہ ترقیاتی کاموں کی ہوم ورکنگ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس امر کی نشاندہی کی کہ صوبائی دارالحکومت کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر یہاں کے مسائل پر توجہ دینا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا صوبہ بھر میں شہری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں پر پورا فوکس ہے۔ ذیشان رفیق نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ کئی برسوں سے لاہور شہر کے گلی محلوں پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ری ویمپنگ پلان کے تحت سب سے پہلے کچی گلیوں کو پختہ کرنے کا کام کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت پر خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے بیشتر علاقے ورکنگ میں شامل ہیں۔ مرمت و بحالی کی ضرورت کو پہلے طے کیا جائیگا۔ اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہری سہولیات اور مجوزہ ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ بھی دی۔