دھرنا،کمیشن رپورٹ ٹی او آر کے برخلاف ، مخصوص شخص پر انحصار کیاگیا ،سپریم کورٹ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)عدالت عظمیٰ نے فیض آباد دھرنا کیس میں کمیشن رپورٹ ٹی او آر کے برخلاف قرار دے دی۔

سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کمیشن نے مینڈیٹ سے باہر جاکر اصرار کیا مخصوص شخص نے کچھ غلط نہیں کیا، کمیشن نے محض مخصوص شخص کی کاغذ پر لکھی تردید پر انحصار کیا،حکم نامے کے مطابق کمیشن نے سب فریقین سے مساوی سلوک نہیں کیا، ایک فریق سے بیان حلفی لیا دوسرے سے سادہ بیان،دونوں فریقین کو ایک دوسرے پر جرح کا موقع بھی نہیں دیا۔

عدالت عظمیٰ نے کہاکمیشن رپورٹ میں صوبائیت کی جھلک مایوس کن ہے، رپورٹ میں محض جملہ بازی اور اصلاحات ہیں ٹھوس مواد نہیں، اٹارنی جنرل نے بھی کہا رپورٹ ٹھوس مواد سے خالی ہے،حکم نامے کے مطابق تحریک لبیک کے کسی فریق کا بیان ہی نہیں لیا گیا، رپورٹ پبلک کی جائیگی یا نہیں، اٹارنی جنرل 2 ہفتے میں وفاقی حکومت کا جواب جمع کرائیں۔