زرعی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں،عاشق کرمانی

فیصل آباد: (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق کرمانی نے کہا ہے کہ اکیڈیمیا انڈسٹری، تحقیقاتی ادارے اور حکومت کو غذائی استحکام اور زراعت میں جدت لانے کے لئے مشترکہ کاوشیں عمل میں لانا ہونگی تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات احسن انداز میں پوری کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت کو منافع بخش پیشہ بھی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد، ڈی جی زراعت (ریسرچ) پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمان، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب چوہدری عبدالحمید، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ و مطبوعات ڈاکٹر جلال عارف بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ زرعی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کسان دوست اقدامات کے نتیجے میں زرعی شعبہ سرمایہ کاری اور تحقیق کے فضا کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ زمین، پانی اور آب و ہوا کو مدنظر رکھتے ہوئے تین ماہ میں کراپ زوننگ کو حتمی شکل دی جائے۔ پنجاب کسان کارڈ کے ذریعے تین سو ارب کے بلاسود اور آسان قرضہ جات فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ تین ہزار لیزر لینڈ لیولر کی 4ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے کہا کہ کینو کو سٹرس گریننگ کی وجہ سے شدید خدشات کا سامنا ہے جس کی بحالی کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباداور ، سرگودھا سٹرس انسٹی ٹیوٹ کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ علاوہ ازیں لیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سٹرس انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی سفارشات پر غوروخوض کیا گیا۔ ڈاکٹر اقرار احمد نے بتایا کہ سٹرس کی برآمد تین سو ملین ڈالر سے کم ہو کر صرف 100ملین ڈالر تک محدود ہو گئی ہے جس کے لئے سٹرس کی نرسری اور جدید تحقیقاتی عمل کے لئے زرعی یونیورسٹی سٹرس ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ اس مسئلے پر قابو پا کر کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکے۔