خراب کارکردگی پر چھٹی،کاروبار آسان پالیسی بنائی جائے:وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات کو مزید مسابقتی بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تجارت و کاروبار میں آسانی کیلئے پالیسیاں بناتے ہوئے نجی شعبے سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔

تجارت کے شعبے پراہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ایسی تجارتی پالیسی تیارکرنے کی ضرورت ہے جس سے کاروبار میں آسانیاں ،سہولت ہو،ملکی برآمدات کو مزید مسابقتی بنانے کیلئے فوری اقدامات ،برآمدکنندگان کے مصدقہ ڈیوٹی ڈرابیکس فوری ادا کئے جائیں،ملکی آٹو سیکٹر کی ترقی کےلئے ڈیلیشن پالیسی پر عملدرآمد کرایا جائے،شہبازشریف نے کہااچھی کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے ٹریڈ افسروں کی پذیرائی ہو گی،خراب کارکردگی دکھانے والے افسروں کی سخت سرزنش اورعہدوں سے ہٹایا جائے گا،ہر ماہ خود 2مرتبہ برآمدی شعبے کاجائزہ لوں گا۔

دریں اثناسرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانی و فروغ کیلئے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا،وزیر اعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاری بورڈ کو ملک میں سرمایہ کاری ،نئے کاروبار کے آغاز کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کا ہدف دیتے ہوئے کہاتمام متعلقہ وزارتوں ،صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لےکر ون ونڈو آپریشن کی طرز پر طریقہ کار وضع کیاجائے، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے دوست ممالک کے کاروباری وفود کے دورے ، سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی، بیرونی و مقامی کاروباری و سرمایہ کار برادری کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف سے آذربائیجان کے ماحولیات اور قدرتی وسائل کے وزیر مختار بابائیف نے ملاقات کی، آذری وزیر نے وزیراعظم کو آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کی جانب سے نومبر 2024 میں باکو میں منعقد ہونےوالے اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز 29 (کوپ 29) اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔

کوپ29 میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکوپ 29 میں شرکت کے منتظر رہیں گے ،صدر الہام علییوف کےساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کا موقع ملے گا،شہبازشریف نے صدر علییوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا،وزیراعظم نے کہا پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، 2022 میں تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا،شہبازشریف نے کوپ29 پرآذربائیجان کی کامیابی کو یقینی بنانے کےلئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید برآںوزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیر ستان میں لڑکیوں کے سکول پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا قوم کی بیٹیوں کی تعلیم میں رکاوٹ ڈالنے والے دہشت گردوں کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے،واقعہ میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کی جائے،شہباز شریف نے سکول کے منہدم شدہ حصے کو فوری طور پر دوبارہ تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہادہشتگردوں کے لڑکیوں کی تعلیم روکنے کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،باصلاحیت بیٹیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کےلئے کوشاں ہیں۔