راولپنڈی،لاہور: (بیوروپورٹ،خبر نگار)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے 9 مئی کا سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ڈیل، معصوم لوگ مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے،ورغلائے ہوئے لوگوں کو پہلے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا تاہم اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرنے والے اصل رہنماوں کو اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا،ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے یادگار شہدا ءپر حاضری دی اور پھول چڑھائے، سپہ سالار نے مادر وطن کےلئے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی قوم کےلئے خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا،ترجمان پاک فوج کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب میں آرمی چیف نے واضح کیا بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا ءکی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔
آرمی چیف نے افسوس کا اظہار کیا کہ اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل، وہ معصوم لوگ جو ان مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے ان کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہاورغلائے ہوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا تاہم گھناونے منصوبے کے اصل رہنما جو کے اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرتے ہیں، کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب ان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں،آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا شہدا ءاور ان کے اہل خانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہاآئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزور ی اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے،دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کر رہے ہیں، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا
جنرل عاصم منیر نے کہا پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتاہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔
بعد ازاں آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا،اس موقع پر سپہ سالار نے کہاہم ایک تعمیری قوت کی حیثیت سے تخریبی قوتوں کی جانب سے بنائے گئے راکھ اور ملبے کے ڈھیروں پر اس پبلک لائبریری کو بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں ۔
قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا سانحہ 9 مئی (یومِ سیاہ) پر افواج پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے، پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس سانحہ 9 مئی (یومِ سیاہ) پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،ترجمان کے مطابق ہماری قومی تاریخ کے اس سیاہ دن، سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی اور جان بوجھ کر ریاستی اداروں کےخلاف تشدد کا سہارا لیا، ان شرپسندعناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑ پھوڑ کی جس کا مقصد ملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں اور ان کے سرغنوں کےساتھ ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھناو¿نی سازش کو ناکام بنا دیا، ان شر پسند عناصر کا بنیادی مقصد افراتفری پھیلا کر عوام اور مسلح افواج کے درمیان تصادم کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا تھا،ترجمان پاک فوج کے مطابق قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام ہونے کے بعدسازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور پرتشدد کارروائیاں کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کےخلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کی، شرپسند عناصر نے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر شرمناک طریقے سے خود کو بری الذمہ قرار دینے اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی کوشش کی۔
بیان میں مزید کہا گیا9 مئی سانحہ کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں کےساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی، 9 مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی ہمارے ہیروز کی یادوں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کو اسی طرح کے غلط طرز عمل کے ذریعے بے حرمتی کرنے کی جرات نہ کرے،ترجمان کے مطابق آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے اور پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کرتی ہیں، ہمارے شہداءاور ان کے خاندان پاکستان کا فخر ہیں، پاکستان کی مسلح افواج اپنے وقار اور عزت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کا پاکستانی عوام کے ساتھ بہت خاص رشتہ ہے، آئیے آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی پرزور مذمت کرنے اور اپنے پیارے ملک کی خوشحالی اور استحکام کےلئے مل کر کام کریں۔
آپریشن ”ردالفتنہ3“بلوچستان میں15دہشتگردجہنم واصل،ٹھکانے تباہ
گندم کی درآمد کے باوجودملک بھر میں آٹا مہنگا،عوام پریشان
جوہری مواد پرثالثوں کی بعض تجاویز قابل غور ہیں،عباس عراقچی
حوثی حملے ناقابل قبول، سعودیہ کےساتھ ،امن کوششیں جاری رکھیں گے،وزیراعظم
حکومت کاانتخابی اصلاحات کمیٹی میں پی ٹی آئی کو مساوی نمائندگی دینے سے انکار
حکومت نے خاموشی سے مزید 4 لاکھ ٹن چینی برآمدکرنے کی منظوری دےدی
فیروزوالہ ،زہریلے نوڈلز کھانے سے 2کمسن بہنیں جاں بحق، بیکری سیل
پرتگال کے وزیر خارجہ پاکستان کا 2روزہ سرکاری دورہ کریں گے
عمران،بشریٰ کا جیل میں مکمل طبی معائنہ،آنکھوں کا چیک اپ
محسن نقوی کی ملاقات،عوام کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے،نعیم الرحمن
















