گوادر ،7پنجابی مزدور قتل،سوتے میں گولیوں سے بھون دیا گیا

اسلا م آباد، گوادر،ڈی آئی خان:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)گوادر میں7پنجابی مزدور قتل،سوتے میں گولیوں سے بھون دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مزدور سربندر میں فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر میں سو رہے تھے،مسلح افراد نے حملہ کرکے قتل کردیا،ایک زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،جاں بحق و زخمی افرادکا تعلق ضلع خانیوال سے ہے،مزدور سربندر میں حجام کی دکان میں کام کرتے تھے۔

وزیراعظم ،وزیر داخلہ ودیگر نے مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاسوگوار خاندانوں کے غم میں برابر شریک ہیں، دہشت گردی کا واقعہ ملک دشمنوں کا بزدلانہ فعل ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے پر عزم ہیں، معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں،دہشت گردوں کوصفحہ ہستی سے مٹادیں گے۔

ادھربلوچستان حکومت نے افسوس ناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دےدیا،ترجمان نے کہاضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں، شہید مزدوروں کی فیملیز کی مالی امداد کریں گے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں لڑکیوں کے پرائیویٹ سکول کو بموں سے اڑا دیا گیا،سکول کے چوکیدار نے اپنے بیان میں کہانامعلوم افراد نے سکول کو بموں سے اڑا دیا، سکول کے 2 کمرے مکمل طور پر تباہ ہو گئے، مسلح افراد نے مجھے بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر چھوڑ دیا۔