ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ ،یکسو ہو کر چلیں تو پاکستان ہر شعبے میں اپنا نام پیدا کرے گا:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میںتعلیمی ایمرجنسی کا اعلان اور سکول سے باہر 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کے سکولوں میں اندراج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، قوم عزم و حوصلے سے کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے، ملک میں تعلیمی شعبے کی خود نگرانی کروں گا، پاکستان چیلنجوں پر قابو پاکر ایٹمی قوت بنا اگر یکسو ہو کر چلیں تو پاکستان ہر شعبے میں اپنا نام پیدا کرے گا۔

قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہابرطانیہ کی پاکستان میں فنی و پیشہ وارانہ تعلیم کے فروغ کیلئے تعاون قابل ستائش ہے، بابائے قوم کا بھی فرمان ہے تعلیم ہمارے لئے زندگی و موت کا معاملہ ہے، کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے، بچوں میں غذائی کمی کے بڑے چیلنج پر قابو پانے کی ضرورت ہے، ملک میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے و بچیاں سکول سے باہر ہیں، تعلیم کے فروغ کیلئے مالی وسائل کی فراہمی سب سے بڑا مسئلہ ہے لیکن عزم پختہ ہو تو چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے، پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ہی ایٹمی قوت بنا۔

شہبازشریف نے کہادہشتگردی کےخلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے وسائل فراہم کئے گئے، دہشتگردی کےخلاف جنگ نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے شروع کی گئی یہ وہ مثالیں ہیں جن سے آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے ،عزم مضبوط ہو تو آپ مشکلات و چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، پاکستانی قوم اپنے عزم و حوصلے سے کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

وزیراعظم نے کہاجب پنجاب کا وزیراعلیٰ تھا تو 2008 سے 2018 تک سکولوں میں بچوں کے داخلے کی بلند ترین شرح کو یقینی بنایا، جنوبی پنجاب میں طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے زیور تعلیم پروگرام شروع کیا گیا ،90 ہزار طالبات کو سکولوں میں داخل کیا ، بچوں سے مشقت کرانے والے والدین کو امداد فراہم کی گئی، پنجاب میں برطانوی حکومت کے تعاون سے پنجاب ٹیکنیکل ووکیشنل کمپنی قائم کی گئی ،آغاز جنوبی پنجاب سے کرنے کے بعد دائرہ پورے صوبے میں پھیلایا اور بھی متعدد منصوبے شروع کیے گئے۔

شہبازشریف نے کہاسکول سے باہر بچوں کو تعلیم کی فراہمی کا چیلنج مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں، ملک میں تعلیمی شعبے کی خود نگرانی کروں گا اور 2 کروڑ 60 لاکھ بچے جلد سکولوں میں ہوں گے،ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتا ہوں، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ سے بھی ملوں گا، تعلیم بچوں و مستقبل کا معاملہ ہے، تعلیم کے بغیر ترقی و خوشحالی کا مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا، تعلیم کردار سازی کے علاوہ زراعت، صنعت و دیگر شعبوں میں آگے بڑھنے کا راستہ ہے، پاکستان کا معاشرہ جلد تعلیم یافتہ معاشرہ بنے گا، یکسو ہو کر چلتے رہے تو پاکستان ہر شعبے میں اپنا نام پیدا کرےگا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے کہا تعلیم کا شعبہ فور ی توجہ کا متقاضی ہے، 2کروڑ 60 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، اتنی بڑی تعداد میں بچوں کو سکول سے باہر ہونا تشویش کی بات ہے۔

پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ اےفاضل نے کہاوزیراعظم کی طرف سے تعلیم کے اہم شعبے پر توجہ مرکوز کرناباعث اطمینان ہے،تعلیم کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو فنی تعلیم سے روشناس کرانا ہو گا۔

برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہاپاکستان میں سکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیم کی فراہمی مشترکہ ذمہ داری ہے، خوشی ہے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں تعلیم کے شعبے پر ترجیح دی جارہی ہے، سکول سے باہر بچوں کی بڑی تعداد باعث تشویش ہے، پاکستان میں دیگر ممالک کی نسبت زیادہ بچے سکول سے باہر ہیں، فوری اقدامات کے ذریعے سکولوں میں بچوں کے اندراج کی شرح بڑھانا ہوگی، برطانیہ تعلیمی شعبے کی ترقی کےلئے پاکستان کی بھرپور معاونت کرےگا۔

عالمی ادارہ خوراک کی نمائندہ کوکو اوشی یاما نے کہا بچوں کی بہتر نشوونما سے تعلیمی قابلیت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریزر نے کہا غذائیت کی کمی کا شکار بچے تعلیم پر توجہ نہیں دے پاتے، تعلیم کے فروغ اور شعبے میں اصلاحات کے پروگرام کی عالمی بینک حمایت کرتا ہے، بچوں ،خاص طور پر لڑکیوں کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے، عالمی بینک تعلیم کے شعبے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا، دنیا کی 10 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ویڈیو پیغام میں کہا آپ خود پر بھروسہ کرکے کسی بھی چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں، تعلیم نے مجھے اعتماد دیا ۔

دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی ،تجارت، معیشت، سکیورٹی، دفاع، سماجی روابط و دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ازبک وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی طرف سے شہباز شریف کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دی،وزیر اعظم نے ازبکستان کےساتھ دوطرفہ تجارت و دیگر منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کےلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا اورازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے کےلئے باہمی مشاورت سے مو¿ثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی اہمیت پر زور دیا،شہبازشریف نے کہاازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کےلئے پرعزم ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا، شہباز شریف نے تکنیکی و فنی تعلیم کو یکساں کرنے اور بیرون ملک پاکستانی افرادی قوت کے بہتر روزگار کےلئے سکل کمپنی ،سکل ڈیویلپمنٹ فنڈ کے قیام اور تکنیکی و فنی تربیت کے شعبے میں اصلاحات کےلئے کمیٹی کے قیام ہدایت کردی،شہبازشریف نے کہا پاکستان کی نوجوان افرادی قوت کو عالمی معیار کی تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے این اے وی ٹی ٹی سی کو مزید فعال بنایا جائے ،تمام تکنیکی شعبوں میں عالمی شہرت یافتہ و بین الاقوامی سرٹیفکیشنز یقینی بنائی جائیں،پاکستانی افرادی قوت کی ترقی و تکنیکی و فنی تعلیم کے معیار کو عالمی سطح پر لانے کےلئے وفاقی ادارے صوبوں کےساتھ روابط ،تعاون یقینی بنائیں ،بہترین و عالمی معیار کے پیشہ وارانہ تکنیکی ہنر سے لیس افرادی قوت کےلئے ضوابط کا مربوط نظام یقینی بنایا جائے۔