پریکٹس اینڈ پروسیجرایکٹ آئین سے متصادم ہے، جسٹس شاہد وحید کااختلافی نوٹ

اسلام آباد: (بیوروروپورٹ)پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ آئین سے متصادم ہے، جسٹس شاہد وحید نے اختلافی نوٹ جاری کردیا،جسٹس شاہد وحید نے اختلافی نوٹ میں لکھا آرٹیکل 191 کا سہارا لینے کی اجازت ملی تو عدالتی معاملات میں بذریعہ آرڈیننس بھی مداخلت ہوسکے گی، عدالتی دائرہ اختیار میں اضافہ صرف آئینی ترمیم کے ذریعے ہی ممکن ہے، سادہ قانون سازی سے عدالت کو کوئی نیا دائرہ اختیار تفویض نہیں کیا جا سکتا۔

جج سپریم کورٹ نے کہاججز کمیٹی اپنے رولز پریکٹس اینڈ پروسیجر کے مطابق ہی بنا سکے گی، ججز کی 3 رکنی کمیٹی پریکٹس اینڈ پروسیجر میں موجود خامیوں کو رولز بنا کر درست نہیں کر سکتی اگر ججز کمیٹی کا کوئی رکن دستیاب نہ ہو تو جگہ کون لے گا؟ معاملے پر قانون خاموش ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے مطابق کوئی دوسرا جج کسی کمیٹی ممبر کی جگہ نہیں لے سکتا۔

جسٹس شاہد وحید نے کہااگر کمیٹی کے 2 اراکین چیف جسٹس کو صوبائی رجسٹری بھیجنے کا فیصلہ کریں تو کیا ہوگا؟ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے انتظامی سربراہ ہوتے ہیں دوسرے صوبے بھیجنے کے نتائج سنگین ہوں گے اگر ایک رکن بیمار اور دوسرا ملک سے باہر ہو تو ایمرجنسی حالات میں بنچز کی تشکیل کیسے ہوگی؟،قانون میں سوالات کے جواب نہیں نہ ہی ججز کمیٹی کوئی حل نکال سکتی ہے، آئین کے مطابق آرٹیکل 184/3 کے درخواستیں قابل سماعت ہونے کا فیصلہ عدالت میں ہی ممکن ہے۔

نوٹ میں مزید لکھا گیا ججز کمیٹی انتظامی طور پر کسی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ نہیں کر سکتی، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کی سیکشن 3 ،4 آپس میں متضاد ہیں، سیکشن 3 کے مطابق 184/3 کی بنیادی حقوق کا کیس 3 رکنی بنچ سن سکتا ہے،جج سپریم کورٹ نے کہاسیکشن 4 کے مطابق بنیادی حقوق کے معاملے کی تشریح 5 رکنی بنچ ہی کر سکتا ہے، سیکشن 3 سماعت اور آئینی تشریح کی اجازت دیتا ہے جبکہ سیکشن 4 پابندی لگاتا ہے، سپریم کورٹ کے ہر دوسرے مقدمے میں آئین کی تشریح درکار ہوتی ہے، ہر کیس پر 5 رکنی بنچ بننے لگ گئے تو زیر التواء50 ہزار مقدمات کے فیصلے کیسے ہوں گے؟ نکتے سے واضح ہوتا پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون فراہمی انصاف میں کتنی بڑی رکاوٹ بنے گا۔

جسٹس شاہد وحید نے کہاقانون کی حکمرانی کےلئے نظام انصاف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، قانون کی حکمرانی کےلئے ضروری ہے عدلیہ کو آزادی سے بغیر کسی مداخلت کام کرنے دیا جائے، عدلیہ کی آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ آئین سے متصادم ہے،بنچ کی اکثریت غلط نتیجے پر پہنچی جو آئین کے مطابق درست نہیں۔

جج سپریم کورٹ نے کہااختلافی نوٹ کا مقصد مستقبل میں ہونےوالی غلطی کی اصلاح کرنا ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا مقصد عدلیہ کی آزادی وامور پر قدغن لگانا ہے، آرٹیکل 184/3کا دائرہ اختیار آئین میں دیا گیا ، آرٹیکل 175(2) پارلیمان کو کسی بھی قسم کا قانون بنانے کی اجازت نہیں دیتا، آرٹیکل 175(2) عدالتی دائرہ اختیار کے حوالے سے ہے،کوئی بھی قانون آئین میں عدالت کو دئیے گئے رولز بنانے کے حق پر حاوی نہیں ہوسکتا، پارلیمان کو بھی آئین سے متصادم قوانین بنانے کا اختیار نہیں، عدالت کے انتظامی امور پر پارلیمان کو مداخلت کی اجازت دینا اختیارات کی آئینی تقسیم کےخلاف ہے، حکومت اگر مخصوص مقدمات میں مرضی کے بنچز بنائے تو عدلیہ کی آزادی کےخلاف ہوگا۔

دریں اثنا جسٹس عائشہ ملک نے اختلافی نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا سادہ قانون سازی کے ذریعے اپیل کا حق نہیں دیا جا سکتا، آرٹیکل 184/3 میں اپیل کا حق دینے کیلئے آئینی ترمیم ضروری ہے، آرٹیکل 191 کے تحت آئین سپریم کورٹ کو رولز بنانے کا اختیار دیتا ہے۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیا پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون سپریم کورٹ کے آئینی اختیار کو ختم نہیں کر سکتا، سپریم کورٹ رولز میں ترمیم فل کورٹ ہی کر سکتی ہے، اصل سوال یہی ہے فل کورٹ بنچ تشکیل کی صورت میں اپیل کا حق غیر موثر ہو جائے گا،فل کورٹ کی تشکیل سے کسی فریق کا اپیل کا حق ختم نہیں کیا جاسکتا، فل کورٹ کی تشکیل سے 184/3 میں اپیل کا حق دینے کا مقصد ہی فوت ہو جائے گا۔