لاہور: ( اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں 5گھنٹے طویل اجلاس ہوا،سی ایم سپیشل پراجیکٹس و اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا 33 سی ایم ترجیحی ترقیاتی پراجیکٹس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، بروقت تکمیل کےلئے دن رات محنت اور پوری توجہ دی جائے، وزیر اعلیٰ نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر لاہور کا پہلا فیز سال کے اندر مکمل کرنے اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اوپی ڈی دسمبر 2025 میں کھولنے کا حکم دےدیا،اجلا س میں وائلڈ لائف سروے کرا نے کا فیصلہ بھی کیا گیا،سی ایم سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 4ہزار نوجوان آئی ٹی کورسز کرینگے، پراونشنل ڈیٹا بیس اتھارٹی کے تحت سوشل رجسٹری سروے شروع ہوچکا ، جون میں تکمیل کا ہدف مقرر کردیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا ائیر ایمبولینس سروس جون میں شروع جبکہ موٹر وے ایمبولینس سروس دسمبر تک شروع ہو جائے گی۔
علاوہ ازیںپنجاب کے 8شہروں میں سی بی ڈی بزنس سنٹرز قائم کرنے پر اتفاق ،پنجاب رئیل سٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے قیام کےلئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا،مریم نوا زنے آئی ٹی سٹی کےلئے چین، جنوبی کوریا اور سعودی عرب کی کمپنیوں سے ڈیل فائنل کرنے ،سی بی ڈی پراجیکٹ پر سال بہ سال ٹارگٹ مکمل کرنے اور پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
دن رات محنت کی جائے،ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، مریم نواز

















