اسلام آباد:(بیورورپورٹ) گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات کادائرہ وسیع،سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اورسابق نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کو طلب کر لیاگیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ،شمشاد اختر کو طلب کرنے کافیصلہ کیا گیا،نگران دور کے سیکرٹری فوڈ سکیورٹی ایم محمود اور حال ہی میں ہٹائے گئے سابق سیکرٹری فوڈ آصف نے تحقیقاتی کمیٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے گندم درآمد سکینڈل کی انکوائری کمیٹی کے سربراہ سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل نے ملاقات کی ،وزیراعظم نے سیکرٹری کابینہ کو نگران حکومت میں گندم درآمد کی ہر لحاظ سے مکمل شفاف تحقیقات کا حکم دےدیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دستیاب ریکارڈ و دستاویزات کو سامنے رکھ کر سفارشات مرتب کرنے اور سیکرٹری کابینہ کو کل تک حتمی رپورٹ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاذمہ داروں کا واضح تعین کریں، کوئی لگی لپٹی مت رکھیں۔
دوسری جانب نئی حکومت آنے کے بعد بھی 98 ارب51 کروڑ کی گندم درآمد کیے جانے کا انکشاف سامنے آگیا،ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں بھی 6 لاکھ ٹن سے زائد گندم درآمدکی گئی، ایک لاکھ13ہزار ٹن سے زیادہ کا کیری فارورڈ سٹاک ہونے کے باوجود گندم درآمد کی گئی اور وزیراعظم شہباز شریف کو لاعلم رکھا گیا ،وزیراعظم نے لاعلم رکھنے پر سیکرٹری فوڈ سکیورٹی کو عہدے سے ہٹایا،انکشاف کے مطابق گندم کی درآمد نگران حکومت کے فیصلے کے تحت موجودہ حکومت میں بھی جاری رکھی گئی، وزارت خزانہ نے ٹی سی پی کے ذریعے گندم درآمد کرنے کی سمری مسترد کی اور نجی شعبے کے ذریعے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی۔
مزید برآں گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات کرنےوالی کمیٹی نے سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور محسن نقوی کو طلب کرنے کی تردید کردی۔
اجلاس میں معاملہ تحقیقات کے بعد کارروائی کےلئے قومی احتساب بیورو(نیب) یا وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے سپرد کرنے پر غور کیا گیا،وفاقی سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل نے اپنے بیان میں کہا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نہ ہی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو طلب کیا،دونوں حضرات کو طلب کیے جانےوالی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کر رہا ہوں۔
گندم سکینڈل،انوار الحق کاکڑ،شمشاد اختر طلب،کمیٹی نے تردید کردی
















