زرعی ماہرین اور سائنس دان کسانوں کی بھرپور رہنمائی کررہے ہیں :عاشق کرمانی

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے ”باخبر کسان“ فناٹیک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خضر خان سے زراعت ہا وس لاہور میں ملاقات کی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو،چیف ڈیجیٹل آفیسر عسکری بینک علی نقوی اور کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی کے علاوہ محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی۔ سی ای او”باخبر کسان“خضر خان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہماری فنانشل و ٹیکنالوجی بسیڈ کمپنی کسانوں کو ایگریکلچر ویلیو چین کی معلومات پر مبنی ڈیٹا فراہم کرتی ہے۔پاکستان میں یو ٹیوب چینل،موبائل سروس، کال سنٹر اور ایپ کے ذریعے 9لاکھ 65ہزار کسان ہمارے ساتھ رجسٹرد ہیں۔انھوں نے بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع کے کسانوں کا پروفائل، فارمز کا مکمل ڈیٹا اور کروپ لینڈ ایریا کمپنی کے پاس موجود ہے۔صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت اور ”باخبر کسان“ کمپنی ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے زرعی مداخل،اراضی کی زرخیزی کا تجزیہ اور موسمیاتی پیشن گوئی کے بارے میں کسانوں کو مفید مشورے اور رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ دونوں اداروں کا مقصد کسانوں کوسہولیات کی فراہمی اور فصلوں کی بہتر پیداوار کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”باخبر کسان“ کمپنی اور محکمہ زراعت پنجاب کسانوں کی زرعی مداخل اور دوسری ضرورت پورا کرنے کیلئے بینکوں کے ذریعے قرضوں کی سہولت مہیا کرتے ہیں۔ محکمہ زراعت اور فناٹیک کمپنی کے زرعی ماہرین اور سائنسدان کسانوں کی رہنمائی و مفید مشوروں کیلئے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کمپنی ایک قابل عمل بزنس ماڈل بنا کر پیش کرے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اس موقع پر کہا کہ ”باخبر کسان“کی سروسز سے کاشتکار مستفید ہو رہے ہیں۔محکمہ زراعت پنجاب باخبر کسان کی سروسز کو قدر کی نگاہ سے سے دیکھتا ہے۔ افتخار علی سہو نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کی خصوصی ٹیم باخبر کسان کی سروسز کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کریگی۔