اسلام آباد، ایبٹ آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے شہید کسٹم افسروں واہلکاروں کے ورثا کیلئے امدادی پیکیج کااعلان کرتے ہوئے کہاہے ملک کے عظیم سپوت جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشتگردوں ،سمگلروں کا مقابلہ کرتے ہیں، پیکیج حکومت کا کوئی احسان نہیں، شہدا کے ورثا کا حق ہے، سمگلنگ کا خاتمہ کئے بغیر معیشت مضبوط نہیں ہو سکتی، صوبائی حکومتوں کےساتھ ملکر سمگلنگ ،سمگلروں کا قلع قمع کریں گے اور خطے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، شہید حسنین علی ترمذی و دیگر شہدا قوم کے ہیرو ہیں۔
شہید کسٹمز انسپکٹر سید حسنین علی ترمذی کی رہائش پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ڈیرہ اسماعیل خان میں سمگلروں کی طرف سے دہشتگرد حملے میں شہید ہونےوالے سید حسنین علی ترمذی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ،پنجاب کے بعد اب وفاق میں بھی جام شہادت نوش کرنےوالے افسروں و اہلکاروں کے لواحقین کیلئے شہدا پیکیج کا آغاز کر رہے ہیں،شہید حسنین علی ترمذی کے بچوں کے تعلیم و علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
شہبازشریف نے کہاحکومت سمگلنگ کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے،وزیر داخلہ محسن نقوی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے یکسو ہیں،سمگلنگ ،سمگلروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گے ،ملک کے عظیم سپوت جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشتگردوں ،سمگلروں کا مقابلہ کرتے ہیں اور لاکھوں بچوں کو محفوظ بنا کر یتیم ہونے سے بچاتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا وزیر داخلہ کو ہدایت کردی خیبرپختونخوا، پنجاب ،سندھ ، بلوچستان کی حکومتوں ، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کےساتھ ملکر سمگلروں کا قلع قمع کریں،معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے سمگلنگ کا خاتمہ ضروری ہے،مقصد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لاکرعوام کے اربوں ڈالر بچائیں گے، انسداد سمگلنگ کےلئے تعاون پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں ، آئیے صدق دل کےساتھ عہد کریں سمگلنگ کی روک تھام کےلئے کسی بھی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے۔
قبل ازیںوزیر اعظم شہباز شریف ایبٹ آباد میں شہید کسٹمز انسپکٹر سید حسنین علی ترمذی کی رہائش گاہ پر گئے اور والد ،بچوں سے اظہار تعزیت کیا، شہید کے والد کو گلے لگا کر دلاسہ دیا،بیوہ اور بچوں کیلئے امدادی چیک پیش کیا۔
دریں اثنا اپنے پیغام میںوزیراعظم شہباز شریف نے کہا صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص و علاج تک رسائی بڑھانے اور ملیریا کی روک تھام کےلئے آگہی و باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے، بھرپور سیاسی عزم ، حکمت عملی ،مناسب سرمایہ کاری کے ذریعے ملیریا سے پاک دنیا کا مشترکہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔
شہید کسٹم افسروں واہلکاروں کے ورثاءکیلئے پیکیج،سمگلنگ کا قلع قمع کرینگے ،وزیراعظم

















