آگ کے دریاعبور کر کے وزیراعلیٰ کی کرسی تک پہنچی:مریم نواز
لاہور: ( اپنے رپورٹر سے،کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں پولیس یونیفارم پہن کر شرکت کی، مریم نواز کو پولیس ٹریننگ کالج آمد پر روایتی پولیس ”کین بیٹن“پیش کی گئی ، وزیر اعلیٰ کو لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کے چاک و چوبند دستوں نے جنرل سلامی پیش کی ، مریم نواز نے جیپ پر پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا ، لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کے 8دستوں کے مارچ پاسٹ کیا اورسلامی پیش کی، پاس آوٹ ہونے والی لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ نے حلف بھی اٹھایا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ ٹریننگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی اہلکاروں میں انعامات و اعزازات تقسیم کیے ، ٹریفک اسسٹنٹ فضہ بتول، مقدس رانی،حافظہ عشا لیڈی پولیس کانسٹیبل جویریہ فیاض،کوثر ریاض،لائبہ شبیرکو انعامات دئیےگئے، مریم نواز نے مظفر گڑھ کی لیڈی کانسٹیبل طیبہ امین کو اعزازی تلوار سے نوازا ، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ ڈپٹی آئی جی محبوب اسلم نے سپاس نامہ پیش کیا، پولیس بینڈ پاسنگ آوٹ پریڈ تقریب میں ولولہ انگیز دھنیں پیش کیں، وزیر اعلیٰ نے بینڈ سٹاف کو سراہا اور انعام بھی دیا۔
مریم نوازنے پاس آوٹ ہونے والی لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کےساتھ مل کر نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ، وزیر اعلیٰ نے پاس آوٹ ہونے والی لیڈی پولیس کانسٹیبل اور ٹریفک اسسٹنٹ کو محنت، لگن، دیانت داری اور پروفیشنلزم کی تلقین کی۔
وزیراعلیٰ نے پاسنگ آوٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاس آوٹ پریڈ میں شامل لیڈی پولیس بہت الرٹ ہیں،خوشی ہے پاکستان کے پاس اتنا زیادہ ٹیلنٹ ہے، آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے 7ہزار خواتین پولیس اہلکار کم ہیں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، وقت آئے گا جب لیڈی پولیس کی تعداد 50فیصد سے تجاویز کرجائے گی، خواتین بہت محنتی ہیں، سپر ہیومین کی طرح کام کرتی ہیں، مائیں بھی،بیٹیاں بھی،بہنیں اور پروفیشنل بھی ہیں، جتنی محنت سے خواتین کام کرتی ہیں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، سب کو سلیوٹ، سب کو سلام، خوشی ہوئی اس دفعہ پولیس سورڈ آف آنر ایک نوجوان خاتون کو دی، میری بہنوں، بیٹیوں مجھے آپ پر فخر ہے، لیڈی پولیس کانسٹیبل کی ٹریننگ جدیدتقاضوں کے عین مطابق کی گئی، پہلی بار پولیس یونیفارم پہنا تو احساس ہوا پولیس کی نوکری یا سی ایم کا حلف ہوبہت ہی ذمہ داری کا کام ہے، وزیر اعلیٰ آفس میں ہم فیصلے کرتے ہیں آپ اس پر عملدرآمد کراتے ہیں، آپ پر بھاری ذمہ داری ہے
مریم نواز نے کہا میرا دل میں انتقام کا جذبہ نہیں ہوتا، ظالم کو سزا دیتے ہوئے بھی تکلیف ہوتی ہے جس معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا وہ معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے، مظلوم کی داد رسی کریں اور انصاف دلوائیں،پاس آوٹ ہونے والی لیڈی پولیس اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتی ہوں، آپ کی بیٹیاں آپ کا سر فخر سے بلند کریں گی،اپنے والد کو دن کے معاملات کے بارے میں آگہی دیتے ہوئے ان کے چہرے کا فخر دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں،
وزیراعلیٰ نے کہا مجھے وزیر اعلیٰ کے منصب پر آنے کےلئے خود کو ثابت کرنا پڑا، آگ کے دریا میں سے گزر کر پہنچی ہوں، تمام والدین کو سلام پیش کرتی ہوں، بیٹیوں پر اعتماد کریں، ساتھ دیں یہ آپ کا سر فخر سے بلند کریں گی، ٹریننگ کالج کےلئے کسی بھی قسم کی مدد کی ضرورت ہوتو مجھے بتائیں میں ہر وقت حاضر ہوں۔
دریں اثنا مریم نوازکی زیر صدارت پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کمیٹی روم میں اجلاس ہوا جس میں امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، آئی جی نے صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں پولیس، پراسیکیوشن میں بہتری کےلئے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے کہا پنجاب میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کےلئے اب کوئی جگہ نہیں،کچے میں پوری قوت سے گینگ کا خاتمہ کیا جائے گا،کچے کے ڈاکووں کےلئے کوئی رحم اور نرمی نہیں،کچے کے علاقے میں آپریشن کےلئے جدید ترین آلات اور اسلحہ دیں گے، پولیس کو پورے وسائل مہیا کریں گے،کرائم کو ہر صورت میں ختم کرنا ہے،اہم پوسٹنگ صرف ایماندار اور بہادر پولیس افسروں کو دی جائے،پولیس کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کےلئے خصوصی سیل بنایا جائے،پڑھے لکھے نئے نوجوانوں کو انویسٹی گیشن آفیسر لگایا جائےگا، منشیات پر زیروٹالرنس ہے،سپیشل فورس بھی بنائیں گے،منشیات کے لین دین میں ملوث ہرچھوٹے بڑے شخص پر بلا جھجک ہاتھ ڈالیں،بچے کے منشیات کا عادی ہونے پر والدین پر کیاگزرتی ہو گی،پنجاب میں سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کےلئے کومبنگ آپریشن جاری رکھا جائے،کیمروں سے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا دائرہ کار پورے لاہور تک وسیع کیا جائے،قوانین کے نفاذ میں کمی نہیں برداشت کی جائے گی۔
مزید برآں وزیر اعلیٰ نے کہا انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی (ICT) خواتین کو بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کرتا ہے، معاشرے کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہماری بچیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی سکلز حاصل کریں، پنجاب کو ایسا آئی سی ٹی بیسڈ صوبہ بنانا چاہتی ہوں جہاں صنفی امتیاز کے بغیر ٹیکنالوجی سب کےلئے قابل رسائی ہوں، مریم نواز نے ”لڑکیوں کیلئے انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی“ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے خواتین کو آئی سی ٹی سکلز سے بااختیار بنا کرترقی کے بے شمار مواقع پیدا کرنا چاہتی ہوں،نالج بیسڈ اکانومی، مالیاتی ٹیکنالوجی (FinTech) اور اداروں کی ڈیجیٹائزیشن پر پوری توجہ مرکوز ہے، پاکستان میں لڑکیوں کو آئی سی ٹی اور فری لانسنگ کے ذریعے بااختیار بنایا جا سکتا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ملاقات کی،صوبائی وزرائ، بلال یاسین، خواجہ سلمان رفیق،سید عاشق حسین کرمانی اور مجتبیٰ شجاع الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

















