الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم،سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی بحال

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم،سپریم کورٹ نے سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کو بحال کردیااور تمام امیدواروں کی رضامندی سے معاملہ دوبارہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی،جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کس ضابطے کے تحت الیکشن کمیشن نے 12پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کا حکم دیا۔

جسٹس علی مظہر نے کہاالیکشن کمیشن نے 12پولنگ سٹیشنز کو دیکھا مگر دیگر کو نظر انداز کر دیا، جسٹس امین الدین خان نے کہا الیکشن کمیشن نے انکوائری کی نہ ہی کوئی اصول دیکھا،الیکشن کمیشن کے ڈی جی لا نے کہا جن 12پولنگ سٹیشنز پر زیادہ ٹرن آﺅٹ کی درخواست کی گئی، صرف انہی کو دیکھا، جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن کو تو پورے حلقے کی دوبارہ انکوائری کرانی چاہیے تھی،الیکشن کمیشن اپنا کام کر لیتا تو لوگوں کو عدالت نہ آنا پڑتا،سپریم کورٹ نے سپیکر کی معطلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم دیاالیکشن کمیشن تمام امیدواروں کو سن کر 10روز میں فیصلہ کرے۔