کھلی کچہری،شکایات کے انبار ،ڈی پی او بہاولپور کا درخواستوں پر انکوائریوں کا حکم

بہاولپور:( قاسم بھٹی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان نے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر دفتر میں کھلی کچہری لگائی، 35سے زائد شہریوں نے اپنے مسائل ڈی پی او کے سامنے رکھے، پراپرٹی کے مقدمات میں جلد ریکوری کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او اسد سرفراز خان نے متعدد ایس ایچ اوز کو کھلی کچہری میں بلوا کر براہ راست احکامات جاری کیے اور گزشتہ درخواستوں پر جواب طلبی کی گئی۔

ڈی پی او اسد سرفراز خان کی روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران 35سے زائد شہریوں کے مسائل دریافت کیے، ڈی پی او اسد سرفراز خان نے کھلی کچہری میں تمام سائلین کو باری باری تفصیل سے سنا اور انفرادی طور پر متعلقہ افسران کو بذریعہ فون کال بروقت قانونی کارروائی اور واپسی رپورٹ کے احکامات جاری کیے جبکہ متعدد ایس ایچ اوز کو کھلی کچہری میں طلب کر کے براہ راست جواب طلبی کی، کھلی کچہری میں ڈی پی او اسد سرفراز خان نے متعدد سائلین کی درخواستوں پر انکوائریوں کا حکم دیا اور متعدد پر ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کو حکم دیا کہ کھلی کچہری میں متعلقہ شہری کی موجودگی میں حاضر آکر مقدمات کی پراگرس کے متعلق بریف کریں۔

اسد سرفراز خان نے کھلی کچہری میں شہریوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں اور پولیس افسران کے درمیان خلیج ختم کرنا ہے اور تمام جائز مسائل بروقت میرٹ پر حل ہوں، مقدمات کو طے شدہ ضابطہ کے مطابق بر وقت یکسو نہ کرنا اور شہریوں کو انصاف فراہم نہ کرنے والے افسران سے جواب طلبی کی جا رہی ہے، سرکل اور تھانہ جات میں موجود افسران شہریوں کو پہلی فرصت میں انصاف فراہم کریں،انہوں نے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل کیے جائیں تاکہ وہ سفر کی پریشانی سے بچ جائیں اور یہی ہمارا اولین فرض بھی ہے۔