کرہ ارض کو درپیش اہم ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے:چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کرہ ارض کو درپیش اہم ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے، ہمارے ماحولیاتی نظام کو پلاسٹک کے نقصان دہ اثرات کا سامنا ہے، پلاسٹک کے پھیلاو کی وجہ سے ایک غیرمعمولی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، ہمیں اس بحران سے نمٹنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، آئیے ہم کرہ ارض کی حفاظت اور اس کے قیمتی وسائل کی حفاظت کیلئے اپنے عزم کو دہرائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم ارض کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم یوم ارض منا رہے ہیں، ہمیں اپنے کرہ ارض کو درپیش اہم ماحولیاتی چیلنجوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ہمارے ماحولیاتی نظام کو پلاسٹک کے نقصان دہ اثرات کا سامنا ہے جن کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک آلودگی کا خطرہ ایک اہم مسئلہ ہے جو فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت پلاسٹک کے پھیلاو کی وجہ سے ایک غیر معمولی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، جو ماحولیاتی نظام کو تباہ کر نے کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں اور جس سے انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں،ہمیں اس بحران سے نمٹنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کی کوششوں کے بغیر حکومت اپنی پالیسیوں اور ضوابط کو نافذ نہیں کر سکتی۔ کسی بھی پالیسی کو کامیاب بنانے کیلئے کمیونٹی کی شمولیت ناگزیر ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یوم ارض کے موقع پر پلاسٹک کی کھپت کو کم کرنے، ری سائیکلنگ کو فروغ دینے اور ایک بار استعمال ہونیوالے پلاسٹک کے متبادل ذرائع پیدا کرنے کیلئے قانون سازی اور پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ اپنی اجتماعی کوششوں سے ہم موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک صاف ستھری اور صحت مند فضا قائم کرنے کی جانب اہم پیشرفت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم کرہ ارض کی حفاظت اور اس کے قیمتی وسائل کی حفاظت کیلئے اپنے عزم کو دہرائیں، ایک ساتھ مل کر ہم مشکل سے مشکل چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

















